
کروناوائرس کے پیش نظر پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ فائیو کے 2 سیمی فائنلز اور فائنل میچز ملتوی کردیئے اور کہا ہے کہ میچز کو ری شیڈول کیاجائے گا۔
ملک میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد بڑھنے کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کو فوری طور پر ملتوی کردیا ہے، اس حوالے سے پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل دوبارہ ری شیڈول کا فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ایک غیرملکی کھلاڑی میں کورونا وائرس کی علامات تھیں جس غیرملکی کھلاڑی میں کورونا وائرس کی علامات تھیں وہ پاکستان سے جاچکے ہیں لہٰذا غیرملکی کھلاڑی میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کے بعد ہی پی ایس ایل ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وسیم خان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس پوری دنیا کومتاثر کر رہا ہے، یہ فیصلہ جان سے بڑھ کر نہیں ہے، فرنچائزرز سے مل کر ایونٹ ری شیڈول کیا جائے گا۔
پی سی بی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ایس ایل میچز ملتوی کرنے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ایس ایل کے 2سیمی فائنلز اور فائنل میچز کو ری شیڈول کیا جائے گا۔
اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے شیڈول میں تبدیلی کرتے ہوئے ایونٹ کے پلے آف میچز کو سیمی فائنل اور فائنل میں تبدیل کردیا تھا۔
اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ اورپی ایس ایل ٹیموں کے مالکان کا اجلاس ہوا تھا ، جس میں فیصلہ کیا گیا تھا پی ایس ایل شیڈول کے مطابق جاری رہےگی جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان سپر لیگ سے دستبردار ہونے کی اجازت دے دی تھی۔
لیگ کو ایک ہفتہ پہلے ہی منسوخ کرنا چاہیے تھا: شعیب اختر
پاکستان سپر لیگ ختم کرنے کے فیصلے پر شعیب اختر نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں ہر جگہ لاک ڈاؤن ہوگیا ہے، تقریبات منسوخ ہوگئی ہیں، پی ایس ایل ایک ہفتہ پہلے منسوخ کردینا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ پہلے پی ایس ایل منسوخ کر کے کہنا چاہیے تھا ہم دنیا کے ساتھ کھڑے ہیں کیونکہ کراوڈ کے بغیر کوئی مزہ نہیں، یہ پی سی بی کا اچھا اقدام ہے۔
فیصلہ درست وقت پر کیا گیا: عبدالرزاق
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ فیصلہ بہت اچھا ہے، لیگ کو پہلے ہی ملتوی کردیا جاتا تو اچھا تاثر نہ جاتا اس لیے فیصلہ درست وقت پر لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے عوام مایوس ہوئے ہوں گے اور انہوں نے ٹورنامنٹ کے اختتام کو انجوائے نہیں کیا۔
کورونا وائرس کے باعث سب سے پہلے ایونٹس کے میچز بغیر تماشائیوں کے کروانے کا اعلان کیا گیا تھا پھر بعد میں اس کے میچز محدود کردیے گئے۔