
چین میں موجود سات عجائبات عالم میں سے ایک عظیم دیوار چین کو سیاحوں کے لیے کھول دیا گیا، کرونا وائرس پر قابو پانے کے بعد چین کے متعدد سیاحتی مقامات کو کھول دیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق دیوار چین کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے، دیوار چین کو کرونا وائرس کے باعث 2 ماہ قبل بند کیا گیا تھا، چند روز قبل دارالحکومت بیجنگ میں بھی 73 سیاحتی مقامات کو کھول دیا گیا تھا۔
بیجنگ میں جو سیاحتی مقامات کھولے جا رہے ہیں وہ میونسپلٹی کے ٹوٹل مقامات کا 30.7 فیصد بنتے ہیں، یہ سب آؤٹ ڈور لینڈ اسکیپ ریزورٹس ہیں۔
چینی حکام کے مطابق سیاحت کے دوران کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کو بھی مد نظر رکھا جائے گا، اور ایسی خدمات پیش کی جائیں گی جن میں انسانوں کا ربط نہیں ہوگا، جیسے موبائل پیمنٹ، ای ٹکٹ اور گائیڈ مشین وغیرہ۔
کھلنے والے سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی تعداد بھی 30 فیصد تک مقرر کی گئی ہے۔ چین اس عالمگیر وبا کے دوران سیاحتی مقامات کھولنے والا پہلا ملک بنا ہے۔