کراچی میں بارش کے بعد جو حال ہے وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں: ایم کیو ایم

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور سابق میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کا حال ڈھکا چھپا نہیں اور شہر کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے لہٰذا آصف زرداری اور بلاول اپنی ٹیم کی نااہلی دیکھیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ کراچی میں بارش کے بعد جو حال ہے وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، سارے وسائل کے ہوتے سندھ حکومت نے پلاننگ کیوں نہیں کی، کہاں ہیں آپ کے لوگ؟ انتظامات کیوں نہیں کیے گئے؟ پی ڈی ایم اے کہاں تھا؟

سابق میئر نے کہا کہ کراچی کے ساتھ کیوں کھلواڑ کیا جا رہا ہے، کل بارش کے باعث سارے انڈر پاس بند تھے، شہر کے لوگ سوال کر رہے ہیں کہ ٹیکس جاتا کہاں ہے، کراچی کا ٹیکس کراچی میں ہی لگنا چاہیے۔

وسیم اختر کا کہنا تھا کہ متعلقہ اداروں کےلوگ سڑکوں پر موجود نہیں تھے، سب عید منانے اندرون سندھ گئے ہوئے تھے، اس سے زیادہ بیڈ گورننس نہیں ہوسکتی، آصف زرداری اور بلاول بھٹو اپنی ٹیم کی نا اہلی دیکھیں، آپ نے اختیارات نیچے نہیں دیے،اس لیے ناکام ہو، لاڑکانہ اور نو ڈیرو کا حال دیکھیں۔

انہوں نے سندھ حکومت سے سوال کیا کہ آپ نے مہینہ پہلے نالے صاف کیوں نہیں کیے؟ شہر کو تباہ کرکے رکھ دیا گیا ہے، ہر سال یہی حال ہوتا ہے لیکن اس بار تباہی ہوئی ہے، بارش کے بعد کراچی کا جو حال ہوا وہ سب نے دیکھا، شہر کا انفرا اسٹرکچر پہلے ہی نہیں تھا جو بچا کچا تھا وہ خراب ہوگیا۔

ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ کراچی کا مینڈیٹ ایم کیو ایم کے پاس ہے، معاہدہ کیا تھا کہ ایک دوسرے کے مینڈیٹ کو قبول کریں گے، آپ کا فرض بنتا ہے آرٹیکل 140 اے پر عملدرآمد کریں، ایم کیو ایم کا مینڈیٹ چرایا جاتا ہے اور مختلف جماعتوں کو جتوایا جاتا ہے۔

وسیم اختر کاکہنا تھا کہ ہم چار سال تک اختیارات کو نچلی سطح تک لانے کی کوشش کرتے رہے، اس وقت ایڈمنسٹریٹر کے پاس سارے اختیارات ہیں جو میرے پاس نہیں تھے۔


subscribe YT Channel

install suchtv android app on google app store

Source link
www.suchtv.pk

اپنا تبصرہ بھیجیں