اسرائیل کا یمن کے شہر الحدیدہ پر فضائی حملہ

اسرائیل پر جنگی جنون سوار ہو گیا ہے، اس نے ایک اور محاذ کھولتے ہوئے یمن کی بندرگاہ پر فضائی حملہ کر دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صہیونی فورسز نے یمن کی بندرگاہ پر حملہ کر دیا ہے، حملوں میں حدیدہ پورٹ کی آئل تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

یمن کے حوثیوں کے زیر کنٹرول علاقوں میں کام کرنے والی وزارت صحت کے مطابق بندرگاہ پر اسرائیلی فضائی حملے میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، جب کہ 87 سے زائد زخمی ہو گئے، حوثی گروپ نے اسرائیل کو جواب دینے کا اعلان کر دیا ہے، اور کہا ہے کہ اسرائیل میں اہم اہداف کو نشانہ بنائیں گے۔

دوسری طرف اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ اس نے الحدیدہ میں حوثیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، صہیونی فوج نے کہا کہ اس نے حوثی گروپ کے حملوں کے جواب میں یمن کے بحیرہ احمر کے بندرگاہی شہر حدیدہ پر حملہ کیا ہے۔

یمنی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے تیل کے ذخائر اور پاور پلانٹ پر حملہ کیا ہے، حوثی ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے غزہ کی حمایت کرنے پر یہ حملہ کیا ہے، الجزیرہ کے مطابق ہفتے کے روز یہ فضائی حملے حوثیوں کی جانب سے تل ابیب میں ہونے والے ڈرون حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کے ایک دن بعد کیے گئے ہیں، حوثیوں کے حملے میں ایک اسرائیلی ہلاک اور 10 دیگر زخمی ہوئے تھے۔

غزہ میں جارحیت کے آغاز کے بعد سے یہ حوثیوں کے خلاف اسرائیل کا پہلا براہ راست حملہ ہے، مشرق وسطیٰ میں اسرائیل حماس جنگ کے باعث پہلے ہی تشدد میں اضافے کا خدشہ ہے، ایسے میں یہ حملہ اسے مزید تقویت فراہم کرے گا۔

حوثی ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ وہ پیچھے نہیں ہٹیں گے، اسرائیل خوش فہمی میں نہ رہے، اسرائیل سے معصوم شہریوں پر حملوں کا حساب لیا جائے گا۔


Source link
www.suchtv.pk

اپنا تبصرہ بھیجیں