blank

عسکری تنصیبات پر حملے میں ملوث کرداروں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہوگا: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9 مئی کو پاکستان کی تاریخ کے سیاہ ترین واقعات ہوئے جن سے ہمارے سر شرم سے جھک گئے، عسکری تنصیبات پر حملوں کے بعد جتنا غم و غصہ کیا جائے وہ کم ہے، ہمیں ایسے کرداروں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہوگا۔

قومی سلامتی کے اجلاس میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ان افسوسناک واقعات نے کروڑوں پاکستانیوں کو افسردہ کیا جبکہ تمام طبقات نے انتہائی غم و غصے کی صورت حال میں وقت کو گزارا، نو مئی کا دن پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ جن کی املاک اور تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا وہ ملکی سرحدوں کو محفوظ بنانے کے لیے دیوانہ وار شہادت کے جام نوش کرتے ہیں، دھرتی کے شہیدوں اور غازیوں کی 9 مئی کو بے حرمتی کی گئی اور وطن سے والہانہ محبت کو نذر آتش کرنے کی کوشش کی گئی اور جی ایچ کیو، حساس تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، ایسے دلخراش مناظر کبھی کسی پاکستانی نے نہیں دیکھے۔

انہوں نے کہا کہ جناح ہاؤس صرف عمارت نہیں بلکہ لہو کی عبارت سے بنا گھر ہے، ہمارے بہادر جوانوں نے 65 کی جنگ اور ضرب عضب میں قربانیاں دیں ہم فوجی تنصیبات پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ افواج پاکستان اور عوام یک جان دو قالب ہیں، ایسے واقعات سے شہدا کی بیواؤں اور اہل خانہ کے دل بھر آئے ہیں جن کے غموں کا مداوا نہیں کیا جاسکتا۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ تباہ کن کارروائیاں کرنے والے دہشت گردوں کے زمرے میں آتے ہیں، عسکری تنصیبات پر حملوں کے بعد جتنا غم و غصہ کیا جائے وہ کم ہے، ہمیں ایسے کرداروں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہوگا۔


subscribe YT Channel

install suchtv android app on google app store

Source link
www.suchtv.pk

اپنا تبصرہ بھیجیں