blank

شہباز شریف نے ملک کو مشکلات اور چیلنجز سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا: خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے دور میں ہر شعبہ تنزلی اور بدحالی کا شکار ہوا، وزیر اعظم  شہباز شریف نے ملک کو مشکلات اور چیلنجز سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا۔

اتوار کو گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں لیپ ٹاپ سکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طالب علموں کو بااختیار بنانے کی یہ اسکیم شہباز شریف نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب شروع کی تھی، پنجاب انڈومنٹ فنڈ سے لاکھوں طالب علموں کو اندرون ملک اور بیرون ملک تعلیم دلائی گئی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ یہ ایک بنیادی قدم تھا جو شہباز شریف نے بطور وزیراعلیٰ شروع کیا تاہم بعد کے ادوار میں اس کو جاری نہیں رکھا گیا جو افسوسناک ہے، یہ وہ سرمایہ کاری تھی جو آنے والی نسلوں کیلئے تھی اس کو نہ صرف روک دیا گیا بلکہ اس کا رخ بدل دیا گیا اور ایک ایسے دور کا آغاز ہوا جس میں سارا معاشرہ ایک انحطاط کا شکار ہوا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 13 ماہ میں شہباز شریف کا جو کردار بطور وزیراعظم رہا وہ کوئی اور نہیں کرسکتا تھا، بارہ جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا اور ان میں توازن رکھنا کوئی آسان کام نہیں ہے۔ اب ہمارے اقتدار کی مدت تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ۔

خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ ہم سب عوام کی عدالت میں حاضر ہوں اور وہ فیصلہ کریں اس ملک میں پچھلے پانچ سال میں کیا ہوا اور اس کی کیا قیمت ہم ادا کرچکے اور کریں گے۔ گزشتہ سوا سال کے اندر شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت نے ہمالیہ سے بڑے مسائل کا سامنا کیا، ان میں سب سے بڑا مسئلہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ تھا، گو کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کرنا کوئی قابل فخر بات نہیں ہے۔

 


install suchtv android app on google app store

Source link
www.suchtv.pk

اپنا تبصرہ بھیجیں