blank

خلیل الرحمان قمر نے ماہرہ خان کے ساتھ کام نہ کرنے کی وجہ بتادی

ٹی وی ڈراما کے نامور لکھاری خلیل الرحمان قمر کا کہنا ہے کہ وہ اب ماہرہ خان کے ساتھ کبھی کام نہیں کریں گے۔

خلیل الرحمان قمر پاکستان کے نامور لکھاری ہیں جنہوں نے کئی نامور ڈراموں اور فلموں کے اسکرپٹ تیار کیے جو پاکستان سمیت بھارت میں کافی مقبول ہوئے۔ ان ڈراموں میں ’میرے پاس تم ہو‘، ’صدقے تمہارے‘، ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ وغیرہ شامل ہیں۔

خلیل الرحمان قمر نے حال ہی میں ایک شو میں شرکت کی تھی۔ انہوں نے میزبان کے سوال پر کہا کہ ان کے اور ماہرہ خان کے درمیان شوبز انڈسٹری کے لوگوں نے ثالثی کروانے کی کوشش کی تھی لیکن فائدہ مند ثابت نہیں ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں حیران ہوتا ہوں اور حیران رہوں گا کہ جس قدر میرا ماہرہ خان سے عزت کا تعلق تھا وہ کسی بھی طرح اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ وہ اتنا بے ہودہ ٹوئٹ کرے، میں کئی بار کہہ چکا ہوں کہ وہ مجھے کال کرسکتی تھیں، مجھ پر خفا ہوجاتیں تو میں انہیں وضاحت دیتا، لوگوں کو یہ چیزیں بعد میں سمجھ آئیں جب لوگوں نے مجھے مسلسل سنا۔

انہوں نے ماہرہ خان کے اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ انتہائی اچھی، باصلاحیت اور خوبصورت اداکارہ ہیں لیکن میں ان کے ساتھ کام نہیں کرپاؤں گا۔ ’

خلیل الرحمان قمر گزشتہ 3 سال سے ماہرہ خان کے خلاف اس وقت بیانات دیتے آ رہے ہیں جب کہ مارچ 2020 میں ڈراما ساز نے ایک ٹی وی شو میں سماجی رہنما ماروی سرمد کے خلاف نامناسب زبان کا استعمال کیا تھا اور ان کے بیان پر ماہرہ خان نے بھی افسوس کا اظہار کیا تھا۔

ماہرہ خان نے مارچ 2020 میں خلیل الرحمان قمر کی جانب سے سماجی رہنما ماروی سرمد کے لیے ٹی وی کے پروگرام پر نامناسب زبان استعمال کیے جانے پر ٹوئٹ کی تھی۔

ماہرہ خان نے خلیل الرحمان قمر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اپنی ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ وہ ٹی وی اسکرین پر عورتوں کی تضحیک کرنے والے شخص کی جانب سے ماروی سرمد کے لیے کہے گئے الفاظ پر حیران ہیں۔

اداکارہ نے ڈراما نگار کے نام کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے لکھا تھا کہ وہ وہی شخص ہیں، جنہیں عورتوں کی تضحیک کے بعد ایک کے بعد ایک منصوبہ دیا جاتا ہے۔

بعد ازاں اپریل 2021 میں خلیل الرحمان قمر نے ماہرہ خان کی جانب سے اپنے خلاف ٹوئٹ کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ماہرہ خان کی جانب سے ان کے خلاف مئی 2020 میں کی جانے والی ٹوئٹ کو ’نامناسب و چونکا دینے‘ والی تھی۔

جس کے بعد خلیل الرحمان قمر نے ماہرہ خان کے حوالے سے ٹوئٹ کی تھی اور لکھا کہ ’ ان کے پرانے ڈرامے ’صدقے تمہارے‘ میں ماہرہ خان کو کاسٹ کیا جانا گناہ تھا اور وہ اس گناہ پر ہمیشہ ملامت کرتے رہیں گے’۔


Source link
www.suchtv.pk

اپنا تبصرہ بھیجیں