blank

شوبز انڈسٹری میں چند اداکاروں کے علاوہ دوسرے کو کاسٹ ہی نہیں کیا جاتا: رائما خان

مقبول ڈرامے ’کابلی پلاؤ‘ میں ’چھمو‘ کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ رائما خان نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری میں چند معروف اداکاروں کے علاوہ دوسرے اداکاروں کو کاسٹ ہی نہیں کیا جاتا۔

رائما خان کی طویل عرصے بعد چھوٹی اسکرین پر واپس ہوئی ہے اور ان کے کردار ’چھمو‘ کو سراہا جا رہا ہے۔

انہوں نے ڈرامے میں ایک ایسی خاتون کا کردار ادا کیا ہے، جن کے ہاں شادی کے کئی سال گزر جانے کے باوجود اولاد نہیں ہوتی اور ساتھ ہی وہ اپنے شوہر کی سختیاں اور سماج کے طعنے بھی برداشت کرتی ہے۔

ان کے کردار کو کافی سراہا جا رہا ہے اور انہوں نے خود ایک تازہ انٹرویو میں بھی بتایا کہ شائقین انہیں سوشل میڈیا پر میسیجز کرکے بتا رہے ہیں کہ وہ کس قدر ان کے کردار کو اپنی زندگی سے جوڑ رہے ہیں اور کئی خواتین کو ایسا لگ رہا ہے کہ جیسے ان کا کردار پیش کیا جا رہا ہو۔

رائما خان کا کہنا ہے کہ سماج میں بھی ایسی شادی شدہ خواتین کو طعنوں سمیت دیگر مسائل کا سامنا رہتا ہے جن کے ہاں اولاد نہیں ہوتی۔

ان کے مطابق شادی کے بعد اولاد نہ ہونے پر خواتین کو اپنے ہی خاندان کی عورتوں کی جانب سے بھی سخت جملے برداشت کرنے پڑتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ڈرامے ’کابلی پلاؤ‘ میں ان کے کردار کے ذریعے یہی بات سمجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ اولاد کا ہونا یا نہ ہونا کسی کے اپنے ہاتھ میں نہیں اور ایسی باتوں میں طعنے برداشت کرنے والی خواتین کے پاس خاموشی اختیار کرنے کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں ہوتا۔

ان کے مطابق ان کے خاندان میں سے کوئی بھی شخص شوبز سے وابستہ نہیں، ان کی والدہ نے ’کابلی پلاؤ‘ کے ایک سین میں ان پر شوہر کا تشدد دیکھا تو انہیں فون کرکے پوچھا کہ وہ شخص تمہیں کیوں مار رہا تھا؟

 


Source link
www.suchtv.pk

اپنا تبصرہ بھیجیں