blank

پنجابی فلم “اینی ہاؤ، مٹی پاؤ” 6 اکتوبر کو ریلیز ہوگی

پاکستانی اور بھارتی فنکاروں پر مشتمل پنجابی فلم ’اینی ہاؤ مٹی پاؤ‘ 6 اکتوبر کو پوری دنیا میں ریلیز کی جائے گی۔ فلم کے حوالے سے لاہور میں پریس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جس میں اکرم اداس، وکی کوڈو، افتخار ٹھاکر، قیصر پیا، اظہر بٹ، شیخ عابد رشید، روبی انعم اور شاہد خان نے شرکت کی۔

اس موقع پر پاکستانی اداکار اکرم اداس کا کہنا تھا کہ یہ سب کے لئے خوشی کا مقام ہے کہ ہمارے آرٹسٹ ہمسایہ ملک کی فلموں میں کام کرکے پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں۔ افتخار ٹھاکر نے کہا کہ ہمارے ہاں پنجابی فلمیں بن تو رہی ہیں لیکن وہ انٹرنیشنل لیول کی نہیں ہیں اور ہمارے فنکاروں نے ہمسایہ ملک کی فلموں میں کام کرکے ایک معیار بنایا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلم ’اینی ہاؤ مٹی پاؤ‘ کا اصل فلسفہ یہ ہے کہ بے لوث ہوجاؤ، آپ کو کبھی نقصان نہیں ہوگا، فلم میں پاکستان سے اکرم اداس اور وکی کوڈو نے کام کیا ہے، ہم سب یہاں ان کی تحسین کے لئے آئے ہیں۔وکی کوڈو نے بتایا کہ فلم ’اینی ہاؤ مٹی پاؤ‘ میں کام کرکے بڑی خوشی ہوئی اور اکرم اداس نے انہیں فلم میں چانس دیا ہے۔

آئی ایم جی سی کے روح رواں شیخ عابد رشید نے کہا وہ بارہ سال سے فلموں کی ڈسٹری بیوشن کررہے ہیں اس دوران چار سو فلمیں ریلیز کرچکے ہیں، انہیں امید ہے کہ ’اینی ہاؤ مٹی پاؤ‘ بھی کامیاب ہوگی۔

فلم پروڈیوسر اظہر بٹ نے بتایا کہ میرا انڈین انڈسٹری میں جانے کا سارا کریڈٹ افتخار ٹھاکر کو جاتا ہے۔فلم کی کاسٹ میں ہریش ورما، عمارہ دستور، بی این شرما، نرمل رشی، سیما کوشل، پرکاش گادو، اکرم اداس اور وکی کوڈو شامل ہیں جبکہ فلم کے ڈائریکٹر جنجوت سنگھ ، رائٹر جسگریوال اور پروڈیوسر اپکار سنگھ اور جرنیل سنگھ شامل ہیں۔


Source link
www.suchtv.pk

اپنا تبصرہ بھیجیں