blank

عائزہ خان نے فلسطینیوں سے متعلق بیان پر معافی مانگ لی

معروف اداکارہ عائزہ خان نے فلسطینیوں سے متعلق اپنے بیان پر مداحوں سے معافی مانگتے ہوئے لکھا کہ وہ اپنے بیان کی ذمہ داری لیتی ہیں، آئندہ ایسی غلطی دوبارہ نہیں ہوگی۔

یاد رہے کہ اسرائیل کی جانب سے کئی دہائیوں تک فلسطینیوں پر بمباری کے بعد 7 اکتوبر سے اسرائیل اور حماس کے درمیان تنازع شدت اختیار کرگیا تھا، حماس کی جانب سے اسرائیل پر اچانک حملے کے بعد 7 اکتوبر سے اسرائیل غزہ پر مسلسل بمباری کر رہا ہے۔

غزہ میں ہونے والی اسرائیلی جارحیت پر متعدد اداکار بالخصوص اشنا شاہ، عثمان خالد بٹ، ارمینہ خان، ماہرہ خان اور صبا قمر سمیت دیگر سوشل میڈیا پر آواز اٹھاتے ہوئے سیز فائر کا مطالبہ کررہے ہیں۔

تاہم اداکارہ عائزہ خان نے اس سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا تھا، اس دوران وہ انسٹاگرام پر اپنی ذاتی تصاویر شئیر کررہی تھیں، اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جاری ’نسل کشی‘ پر کھل کر اپنی رائے کا اظہار نہ کرنے پر اداکارہ کو مداحوں کی جانب سے تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔

مداحوں کی جانب سے تنقید کے بعد اداکارہ عائزہ خان نے آخر کار ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’فلسطینیوں کے لیے دعائیں کرنا، روزانہ سوشل میڈیا پر پوسٹ لگانے سے بہتر ہے۔‘

انہوں نے انسٹاگرام پر پوسٹ لگاتے ہوئے اپنے فالوورز کو ہدایت کی تھی کہ ’وہ بھی دعا کریں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر الزام تراشی یا ایک دوسرے پر انگلی اٹھانے سے گریز کریں۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’ہم سب کے بچے اور چاہنے والے ہیں اور ہم سب اس غم (فلسطینیوں پر ظلم) کو محسوس کرسکتے ہیں، ہم سوچ بھی نہیں سکتے کہ وہ کس تکلیف سے گزر رہے ہیں لیکن مجھے اللہ پر بھروسہ ہے کہ وہ جلد انصاف کرے گا، آمین۔‘

اس پوسٹ پر مداحوں کی جانب سے سخت تنقید کے بعد اداکارہ نے یہ پوسٹ اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ڈیلیٹ کردی تھی۔

پوسٹ ڈیلیٹ کرنے کے کچھ روز بعد اداکارہ نے آج ایک بار پھر انسٹاگرام پر نئی پوسٹ شئیر کرتے ہوئے مداحوں سے اپنے بیان پر معافی مانگ لی۔

انہوں نے پوسٹ پر طویل تحریر لکھتے ہوئے کہا کہ ’میں ایک ایسے مسئلے پر بات کرنا چاہتی ہوں جسے کئی لوگوں نے غلط سمجھا اور وہ سوشل میڈیا پر بھی گردش کررہی ہے، میں اپنے بیان سے متعلق کوئی جواز پیش کرنے یا وضاحت کرنے کی کوشش نہیں کروں گی کیونکہ خدا جانتا ہے کہ میری نیت بُری نہیں تھی، میں ذاتی طور پر اس کی ذمہ داری لیتی ہوں۔‘

انہوں نے کہا کہ میرے بیان سے جن لوگوں کو تکلیف پہنچی میں ان سے معذرت خواہ ہوں اور اس معاملے کی طرف میری توجہ دلانے کے لیے شکریہ ادا کرتی ہوں’۔

عائزہ خان نے مداحوں کو یقین دلایا کہ اب ان کی طرف سے ایسی غلطی دوبارہ نہیں ہوگی، انہوں نے کہا کہ وہ بھی غزہ کے لوگوں کا دکھ سمجھ سکتی ہیں لیکن وہ اس وقت بے بس محسوس کررہی ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ اگرچہ اس مسئلے کو ختم کرنے کے لیے میری کوشش رئیگاں جائیں گیں لیکن دنیا میں امن کے لیے اللہ سے دعا کرتی ہوں اور مجھے اسی پر یقین ہے، میری دعائیں فلسطینیوں کے ساتھ ہیں۔


Source link
www.suchtv.pk

اپنا تبصرہ بھیجیں