blank

پاکستانی مردوں کی سوچ کے متعلق انوشے اشرف کا بڑا انکشاف

ماڈل، میزبان اور اداکارہ انوشے اشرف کا کہنا ہے کہ زیادہ تر پاکستانی مرد حضرات کی سوچ نہ صرف دقیانوسی ہوتی ہے بلکہ ان کی سوچ تعصب اور جنس پرستی سے بھری ہوئی ہوتی ہے۔

انوشے اشرف نے بھارتی فیشن ڈیزائنر مسابہ گپتا کی جانب سے سابق پاکستانی کرکٹر رمیز راجا کے تعصب پر مبنی بیان پر کی گئی پوسٹ کے اسکرین شاٹ پر کمنٹس کرتے ہوئے زیادہ تر پاکستانیوں کی سوچ کو فرسودہ قرار دیا۔

انوشے اشرف نے شوبز سوشل میڈیا پیج کی جانب سے مسابہ گپتا کی شیئر کی گئی پوسٹ پر کمنٹس کرتے ہوئے لکھا کہ زیادہ تر پاکستانی مرد حضرات کی سوچ دقیانوسی ہے، وہ آج کے زمانے سے کم از کم 30 سال پرانی سوچ رکھتے ہیں۔

انوشے اشرف نے لکھا کہ پاکستانی مرد حضرات کی سوچ تعصب اور جنس پرستی سے بھری ہوئی ہوئی ہے اور ان کی جانب سے احمقانہ اور دوسری کی تکلیف کا سبب بننے والے تبصرے کرنے کا معمول بن چکا ہے۔

انوشے اشرف نے مسابہ گپتا کی جس پوسٹ پر تبصرہ کیا، اس میں بھارتی فیشن ڈیزائنر نے رمیز راجا کو آڑے ہاتھوں لیا تھا۔

مسابا گپتا نے اپنی ٹوئٹ اورانسٹاگرام اسٹوری میں رمیز راجا پر سخت تنقید کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’پاکستان کے نیشنل ٹی وی پر آپ کو ایسی بات پر ہنستے ہوئے دیکھ کر افسوس ہوا جس پر 30 سال قبل دنیا نے ہنسنا چھوڑ دیا تھا، آگے بڑھ لیجیے کیونکہ میں اور میرے والدین، ہم تینوں یہاں سر اٹھا کر جی رہے ہیں۔‘

انسٹاگرام اسٹوری میں انہوں نے لکھا تگھا کہ ’انہیں اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ کون ہیں، وہ نسل پرستی اور ٹیلی ویژن پر اپنی والدہ کو شرمندہ کرنے کے خلاف آواز اٹھائیں گی، وہ اسے برداشت نہیں کریں گی‘

رمیز راجا نے 12 ستمبر کو ’سنو نیوز‘ کے مزاحیہ پروگرام ’کرکٹ مستیاں‘ میں مسابہ گپتا کے والدین سے متعلق کہی گئی بات پر مسکراتے رہے تھے۔

پروگرام میں میزبان نے بشریٰ انصاری کا روپ دھارے کامیڈین سے پوچھا تھا کہ ’کیا وہ کرکٹ میچز دیکھتی ہیں؟‘

جس پر کامیڈین نے جواب دیا تھا کہ ’ہاں دیکھتی ہوں لیکن ایک بار میرا دل ٹوٹ گیا تھا جب ویون رچرڈ نینا گپتا کو لے گیا تھا، اس وقت میں نے ایک شعر لکھ دیا تھا، میں نے لکھا تھا کہ ’جو لڑکیاں خود کو کہتی ہیں ملکہ عالیہ، اس کو پھر ملتا ہے مسٹر کالیا‘۔

اس دوران رمیز راجا قہقہے لگاتے دکھائی دیے تھے، جس پر مسابہ گپتا نے ناراضگی کا اظہار کیا، کیوں کہ مذکورہ بات ان کے والدین کے حوالے سے تھی۔

مسابہ گپتا سابق کرکٹر ویوین رچرڈز اور اداکارہ نینا گپتا کی صاحبزادی ہیں۔

ویسٹ انڈین کرکٹر ویوین رچرڈز اور بھارتی اداکارہ نینا گپتا کے درمیان رومانوی تعلقات کی خبریں پہلی بار 1980 کی دہائی میں سامنے آئی تھیں، بعد ازاں رومانوی تعلقات میں رہنے کے باوجود انہوں نے کبھی شادی نہیں کی تھی۔

بعدازاں 1989 میں ان کے ہاں بیٹی مسابا گپتا کی پیدائش ہوئی تھی، نینا گپتا نے اپنی بیٹی کی پرورش بھارت میں اکیلے کی تھی۔


Source link
www.suchtv.pk

اپنا تبصرہ بھیجیں