blank

انڈونیشین اسپتال پر اسرائیلی فوج کا حملہ، 12 افراد شہید

شمالی غزہ میں اسرائیلی فوج نے انڈونیشین اسپتال کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 12 افراد شہید ہو گئے۔ فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے انڈونیشین اسپتال کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں مریضوں سمیت 12 افراد شہید اور درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 2 ڈاکٹر زخمی بھی ہوئے ہیں، زخمی ہونے والوں میں انڈونیشین اسپتال کے آرتھو پیڈک چیف ڈاکٹر عدنان البرش بھی شامل ہیں۔

اشرف القدرہ نے کہا کہ تقریباً 700 افراد ہسپتال میں موجود ہیں، جہاں انہیں اسرائیلی فورسز نے ’محصور‘ کیا ہوا ہے۔

گورنمنٹ انفارمیشن آفس کے مطابق شہید ہونے والے سول ڈیفنس اہلکاروں اور ڈاکٹروں کی تعداد 201 ہو گئی ہے۔

اسپتال کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انڈونیشین اسپتال کی صورتحال تباہ کن ہے، خدشہ ہے اسرائیلی فورسز وہی کچھ کریں گی جو انہوں نے الشفا اسپتال میں کیا۔

ترجمان نے کہا کہ اسرائیلی افواج صرف اپنے حملے تیز کر رہی ہیں، اسپتال کا طبی عملہ اصرار کر رہا ہے کہ وہ زخمیوں کے علاج کے لیے موجود رہے گا، اسپتال میں طبی عملے اور زخمیوں سمیت 700 افراد موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری، 5500 بچوں سمیت 13 ہزار فلسطینی شہید

عرب میڈیا کے مطابق غزہ کی پٹی کے جنوب میں رفح کے مشرق میں 2 گھروں پر اسرائیلی فوج نے بمباری کر کے 11 افراد کو شہید کر دیا جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب عروب کیمپ کے دروازے پر گرفتار ہونے والا زخمی نوجوان اسرائیلی حراست میں چل بسا۔


Source link
www.suchtv.pk

اپنا تبصرہ بھیجیں