blank

نیہا خان نے دو شادیوں سے متعلق افواہوں پر خاموشی توڑدی

ماڈل، اداکارہ اور ڈسک جوکی (ڈی جے) نیہا خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان سے متعلق انڈسٹری میں افواہیں پھیلائی گئیں کہ انہوں نے ایک سے زائد بار شادیاں کیں اور ان کے 6 بچے بھی ہیں۔

نیہا خان نے 2017 میں کیریئر کا آغاز کیا، ابتدائی طور پر ماڈلنگ کرنے کے بعد انہوں نے ڈراموں میں مختصر کردار ادا کیے، تاہم تاحال وہ معاون کرداروں میں ہی دکھائی دیتی ہیں۔

حال ہی میں انہوں نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔

نیہا خان نے بتایا کہ ان کی پیدائش پنجاب کے شہر رحیم یار خان میں ہوئی، تاہم ان کا خاندان جلد ہی صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی منتقل ہوگیا تھا، جہاں وہ پہلی بڑھیں اور ابتدائی تعلیم حاصل کی۔

ان کے مطابق جب وہ انتہائی کم عمر تھیں تو ان کے والد انتقال کر گئے تھے جب کہ ان کی والدہ بھی 2017 میں ان کے کیریئر شروع کرنے سے قبل کینسر کے باعث انتقال کر گئی تھیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ کراچی سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد وہ اپنی خالہ کے ہمراہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی منتقل ہوگئی تھیں، جہاں انہوں نے خاندان کا کاروبار سنبھالا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہیں بچپن سے ہی اداکاری کرنے کا شوق تھا، انہیں اس وقت اداکاری کا زیادہ شوق ہوا جب انہیں ہر کوئی دیکھ کر کہتا تھا کہ وہ شکل سے ہی اداکارہ لگتی ہیں۔

نیہا خان کے مطابق انہوں نے گریجوئیشن تک تعلیم حاصل کرنے کے بعد پہلے دبئی میں خالہ کے ہمراہ کاروبار میں ہاتھ بٹایا اور پھر انہوں نے ماڈلنگ کی، جب 2017 میں انہوں نے ایک ڈرامے میں مختصر کردار ادا کیا تو پہلے ان کی خالہ نے انہیں اداکاری کرنے سے منع کیا لیکن پھر وہ مان گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے خاندان میں کسی کا بھی تعلق شوبز سے نہیں ہے اور شوبز کے خاندان کے باہر کے لوگوں کے لیے ڈراما اور فلم انڈسٹری میں کام کرنا مشکل ہوتا ہے۔

شوبز انڈسٹری میں خود سے متعلق پھیلنے والی افواہوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ ان سے متعلق افواہیں پھیلائی گئیں کہ انہوں نے دو شادیاں کیں اور ان کے 6 بچے بھی ہیں۔

نیہا خان کے مطابق بعض افراد نے یہ تک افواہیں پھیلائیں کہ انہوں نے چار بار شادیاں کیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے کوئی شادی نہیں کی اور نہ ہی فوری طور پر ان کا رشتہ ازدواج میں بندھنے کا منصوبہ ہے، ابھی وہ کیریئر بنانے پر توجہ دے رہی ہیں۔


Source link
www.suchtv.pk

اپنا تبصرہ بھیجیں