blank

عارضی جنگ بندی کے اختتام پر اسرائیل نے غزہ پرحملے شروع کر دئیے

اسرائیل نے حماس سے عارضی جنگ بندی کے خاتمے پر غزہ پر دوبارہ حملے شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسرائیل نے حماس پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے غزہ پر دوبارہ حملے شروع کرنے کا اعلان کیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق قطر اور مصر کی ثالثی میں 24 نومبر کو اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ میں عارضی جنگ بندی کا معاہدہ ہوا تھا۔ ایک ہفتے کی عارضی جنگ بندی کے دوران حماس نے 100 سے زائد قیدیوں جبکہ اسرائیل نے 240 فلسطینیوں کو رہا کیا تھا۔

اکتوبر 7 سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں اب تک 15 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ امریکا نے غزہ پر حملوں کے لیے اسرائیل کی مکمل حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔؎

عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں7 روز کی جنگ بندی ختم ہونے کے بعد شمالی غزہ میں دھماکے اور فائرنگ کی آوازیں سنی جارہی ہیں۔

فلسطینی وزارت داخلہ کا کہنا ہےکہ اسرائیلی طیاروں نے غزہ پر فضائی حملے شروع کردیے ہیں۔

فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے خان یونس کےمشرقی علاقے پر بمباری کی اور غزہ کےمغربی علاقے میں بھی بمباری کی جارہی ہے جب کہ غزہ پر اسرائیلی جاسوس طیارے نچلی پروازیں کررہے ہیں۔

فلسطینی میڈیا کا کہنا ہےکہ اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ کے علاقےجبالیہ میں گھرکو نشانہ بنایا ہے جب کہ غزہ کے مختلف علاقوں میں شدیدجھڑپیں جاری ہیں۔

اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہےکہ جمعہ کی صبح غزہ سے ایک راکٹ فائر کیا گیا جسے اسرائیلی فوج نے ٹریس کرلیا جب کہ راکٹ حملے کے بعد علاقے میں سائرن بھی بجائے گئے۔

اسرائیلی فوج نے جمعہ کو روز جاری بیان میں کہا کہ اس نے غزہ کی پٹی میں حماس کے خلاف فوجی آپریشن کا دوبارہ آغاز کردیا ہے جب کہ اسرائیل نے الزام بھی لگایا کہ مزاحمتی گروپ نے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسرائیلی سرزمین پر فائرنگ کی۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہےکہ اسرائیلی طیارےغزہ میں حماس کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق جنگ بندی کے ساتویں روز حماس نے پہلے فرانس کی دوہری شہریت کی حامل 21 سالہ لڑکی اور 40 سالہ خاتون کو رہا کیا جس کے بعد 2 بچوں اور 4 خواتین سمیت مزید 6 اسرائیلیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کیا۔

حماس کی جانب سے اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے بعد اسرائیل کو بھی 30 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرنا پڑا، اسرائیلی قید سے رہائی پانے والے فلسطینیوں میں 23 بچے اور 7 خواتین شامل ہیں۔


Source link
www.suchtv.pk

اپنا تبصرہ بھیجیں