blank

سعودی عرب کا ایک اور دنگ کردینے والے منصوبے کا اعلان

سعودی عرب نے ایک حیرت انگیز تعمیراتی منصوبے زردون پر کام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ ماحول دوست پرتعیش ریزورٹ سعودی عرب کے نیوم پراجیکٹ کا حصہ ہے۔

خیال رہے کہ نیوم شہزادہ محمد بن سلمان کا سعودی معیشت کو مختلف شعبوں میں پھیلانے کا منصوبہ ہے جس کا اعلان 2017 میں کیا گیا تھا اور اس منصوبے کے لیے سعودی عرب کے دور دراز شمال مغربی علاقے میں 10 ہزار اسکوائر میل کا علاقہ مختص کیا گیا تھا۔

24 جنوری کو نیوم انتظامیہ کی جانب سے نئے ماحول دوست ریزورٹ کی تعمیر کا اعلان کیا گیا جس میں آبزرویشن ڈیک، جانوروں کے لیے محفوظ قرار دیا گیا علاقہ، ستاروں کو دیکھنے اور یوگا کرنے کے لیے جگہیں مختص کی جائیں گی۔

یہ ریزورٹ خلیج عقبہ کے قریب 4 کلو میٹر رقبے پر پھیلا ہوگا جس میں 4 منفرد عمارات تعمیر کی جائیں گی۔

نیوم انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ریزورٹ کے علاقے کو مقامی پودوں اور جانوروں سے بھرا جائے گا اور یہ پہاڑیوں سے ساحل تک پھیلا ہوگا، جس کے وسط میں 360 ڈگری آبزرویشن ڈیک موجود ہوگا۔

آبزرویشن ڈیک کے علاوہ ریزورٹ میں 3 بوتیک ہوٹل بھی تعمیر کیے جائیں گے جن میں سے ہر ایک میں 100 کمرے ہوں گے اور ہر ایک کی تھیم مختلف ہوگی۔

بیان کے مطابق زردون میں ٹریکنگ، ماؤنٹین بائیکنگ، راک کلائمبنگ، مراقبے اور یوگا جیسی سرگرمیوں کے مواقع دستیاب ہوں گے۔

وہاں آنے والے سیاحوں کو ماحولیاتی تحفظ، جانوروں کے تحفظ اور دیگر چیزوں کے حوالے سے تعلیمی پروگرامز میں شمولیت کی دعوت بھی دی جائے گی۔

خیال رہے کہ نیوم پراجیکٹ میں ایسے متعدد حیرت انگیز تعمیراتی منصوبے شامل ہیں۔ مثال کے طور پر ایک منصوبہ دی لائن نامی ایک عمارت پر مشتمل شہر کا ہے جو 106 میل کے رقبے پر پھیلا ہوا ہوگا۔

اس شہر کو صوبہ تبوک کے صحرائی علاقے میں تعمیر کیا جارہا ہے۔ دی لائن میں 200 میٹر چوڑی عمارت ایک ورٹیکل سٹی کے طور پر تعمیر کی جائے گی۔

یہاں کوئی سڑک، گاڑی یا دھویں کا اخراج نہیں ہوگا، جبکہ تیز رفتار ٹرین سے لوگ ایک سے دوسری جگہ سفر کرسکیں گے۔ اسی طرح 2024 میں نیوم پراجیکٹ کے تحت زیرتعمیر سندالہ نامی جزیرہ عوام کے لیے کھولے جانے کا امکان ہے۔

8 لاکھ 40 ہزار اسکوائر میٹر رقبے پر پھیلے اس جزیرے کا ایک منفرد عنصر اس کا موسم ہوگا جو پورا سال خوشگوار ہوگا۔ یہ جزیرہ دی لائن شہر سمیت نیوم کے دیگر منصوبوں سے پہلے مکمل ہو جائے گا اور دیگر تمام پراجیکٹس سے منسلک ہوگا۔

نیوم کے چیف اربن پلاننگ آفیسرانٹونی ویوز کے مطابق سندالہ سے لوگ آسانی سے دی لائن تک جا سکیں گے جہاں 2030 تک 10 لاکھ سے زیادہ افراد مقیم ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ سندالہ سے نیوم کے دیگر مقامات تک رسائی بھی ٹرانسپورٹ نیٹ ورک سے ممکن ہوگی۔ سندالہ بحیرہ احمر میں پرتعیش سہولیات فراہم کرنے والا سیاحتی مقام ہوگا جہاں 3 ریزورٹس، یاٹ کلب اور دیگر سہولیات موجود ہوں گی۔

نیوم میں تعمیر کیے جانے والے شہروں کو آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) سسٹمز پر چلایا جائے گا، روبوٹ ملازم ہوں گے، اڑنے والی ٹیکسیاں اور مصنوعی چاند بھی اس پراجیکٹ کا حصہ ہوں گے۔


Source link
www.suchtv.pk

اپنا تبصرہ بھیجیں