blank

معروف اداکارہ کا ووٹ ڈالنے کے بعد الیکشن کمیشن سے شکوہ

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینیئر اداکارہ حنا خواجہ بیات نے عام انتخابات میں اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد الیکشن کمیشن سے شکوہ کردیا۔

ملک بھر میں 12ویں عام انتخابات 2024 کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے، عوام اور سیاسی شخصیات سے لیکر شوبز ستارے بھی اپنے پسندیدہ لیڈر کو ووٹ ڈال رہے ہیں اور ووٹ ڈالنے کے بعد اپنی ویڈیوز اور تصاویر بھی سوشل میڈیا پر پوسٹ کررہے ہیں۔

ان شوبز ستاروں میں سینیئر اداکارہ حنا خواجہ بیات بھی شامل ہیں جنہوں نے ووٹ ڈالنے کے بعد اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی ویڈیو پوسٹ کی۔

حنا خواجہ بیات نے صارفین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ “الحمدللہ! میں نے اپنا ووٹ ڈال دیا اور آپ سب سے بھی یہی کہوں گی کہ وقت ضائع کیے بغیر اپنا ووٹ ڈالیں”۔

اداکارہ نے کہا کہ “پولنگ اسٹیشن جانے سے پہلے اپنے حلقے کی تمام معلومات کاغذ پر لکھ لیں اور اپنا اصلی شناختی لازمی ساتھ لیکر جائیں”۔

اُنہوں نے کہا کہ “فوراََ جاکر ووٹ ڈالیں کیونکہ جگہ جگہ کسی نہ کسی وجہ سے پولنگ میں تاخیر کی جارہی ہے تاکہ ووٹر ٹرن آؤٹ کم ہو لہٰذا آپ اپنا فرض ادا کریں باقی اللہ کی ذات پر چھوڑ دیں”۔

حنا خواجہ بیات نے اپنی اگلی ویڈیو میں شکوے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “میں 8 بجے ہی پولنگ اسٹیشن پر پہنچ گئی تھی، ووٹ ڈالنے کے لیے عوام کی قطار لگی ہوئی تھی، پریذائیڈنگ آفیسر اور عملہ بھی موجود تھا لیکن اس کے باوجود پولنگ کا آغاز نہیں کیا گیا کیونکہ پولنگ ایجنٹس نہیں آئے تھے”۔

اُنہوں نے کہا کہ “ہم نے اپنا حق استعمال کرتے ہوئے پریذائیڈنگ آفیسر سے کہا کہ پولنگ کا آغاز کیا جائے، جب ہم سب نے ملکر زور دیا تو اُنہوں نے پولنگ کا آغاز کردیا”۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ “اگر آپ کے حلقے میں بھی کسی نہ کسی وجہ سے پولنگ میں تاخیر کی جارہی ہے تو آپ لازمی اپنے ملک اور اپنی قوم کے لیے آواز اُٹھائیں اور لازمی ووٹ ڈالیں”۔

واضح رہے کہ پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا الیکشن کمیشن کے مطابق قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں پر ملک بھر سے 17 ہزار 816 امیدوار حصہ لے رہے ہیں جبکہ چند حلقوں میں بڑی سیاسی شخصیات بھی مدمقابل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں 25 سال تک عمر کے 2 کروڑ 35 لاکھ 18 ہزار371 نئے ووٹرزبھی شامل ہیں۔


Source link
www.suchtv.pk

اپنا تبصرہ بھیجیں