blank

غزہ میں شہریوں کے خلاف تشدد کے حق دفاع کو قبول نہیں کرسکتے: روس

عالمی عدالت انصاف میں روس نے غزہ کی صورتحال کو خوفناک قرار دیتے ہوئے اسرائیل سے خلاف ورزیاں ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔ 

عالمی ادارے کی رپورٹ کے مطابق روس نے عالمی عدالت انصاف میں مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی آبادکاری پالیسی اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔

روس نے مؤقف اپنایا کہ غزہ میں ہم شہریوں کے خلاف تشدد کے حق دفاع کو قبول نہیں کرسکتے، اسرائیل کی تمام خلاف ورزیوں کا بہترین حل آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کے جنگی طیاروں کی رفح اور خان یونس میں شدید بمباری مسلسل جاری ہے، اسرائیلی طیاروں کی بمباری سے 25 فلسطینی شہید، متعدد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس اذانوم گیبریئسس کا کہنا ہے کہ غزہ موت کی جگہ بن گئی ہے، انسانی صورتحال مزید خراب ہورہی ہے۔

دوسری جانب خان یونس کے العمل ہسپتال میں اسرائیلی محاصرے کے 30ویں روز فلسطین ہلال احمر سوسائٹی نے ہسپتال کی سنگین صورتحال سے خبردار کیا ہے۔

اس کےعلاوہ غزہ کے سرکاری میڈیا آفس کے سربراہ اسماعیل الثابتہ کا کہنا ہے کہ شمالی غزہ کی پٹی کے رہائشیوں کے پاس گزشتہ تین ہفتوں سے کھانے کے لیے صرف جانوروں کا چارہ ہے۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 29 ہزار 313 فلسطینی شہید اور 69 ہزار 333 زخمی ہو چکے ہیں، 7 اکتوبر کو حماس کی قیادت میں ہونے والے حملوں میں اسرائیل میں ہلاک والوں کی تعداد ایک ہزار 139 ہے۔

اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے ادارے کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق بدھ کو صرف 4 ٹرک اہم انسانی امداد لے کر غزہ میں داخل ہوئے۔

اعداد و شمار سے یہ پتا چلتا ہے کہ 9 اور 15 فروری کے درمیان اوسطاً 47 ٹرک امداد لے کر غزہ میں داخل ہوئے، جو کہ اس سے ایک ہفتہ پہلے 133 ٹرکوں کے مقابلے میں بہت زیادہ کمی ہے۔

سیٹیلائٹ تصاویر میں دکھایا گیا ہے کہ سینکڑوں ٹرک رفح بارڈر کراسنگ پر انتظار کر رہے ہیں۔

 


Source link
www.suchtv.pk

اپنا تبصرہ بھیجیں