blank

لاہور قلندرز کا کراچی کنگز کو جیت کیلئے 176 رنز کا ہدف

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے بڑے مقابلے میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو جیت کےلیے 176 رنز کا ہدف دے دیا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے اس میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر لاہور کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

قلندرز کے فخر زمان ایک مرتبہ پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام ہوگئے، وہ 6 رنز بنا کر 9 کے مجموعے پر پویلین لوٹے، انہیں اسامہ میر نے آؤٹ کیا۔

ان فارم صاحبزادہ فرحان اور رسی ویندر ڈوسن نے اسکور کو آگے بڑھایا، لیکن 45 کے مجموعے پر ڈوسن 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

وکٹ پر موجود ایک جانب صاحبزادہ فرحان نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا لیکن دوسری جانب وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔

احسن حفیظ 8، جہانداد خان 12، شے ہوپ نے 21 رنز کے ساتھ ٹیم کے اسکور میں اپنا حصہ ڈالا۔

صاحبزادہ فرحان نے 45 گیندوں پر 72 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو قابلِ اعتبار ٹوٹل تک پہنچایا۔ جارج لِنڈا 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کنگز کی جانب سے میر حمزہ، تبریز شمسی اور حسن علی نے دو دو وکٹیں لیں۔

لاہور قلندرز کی ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنا چوتھا میچ کھیل رہی ہے اور جیت کی تلاش میں آج میدان میں اتری۔

کراچی کنگز نے گزشتہ الیون کو ہی برقرار رکھا جبکہ لاہور قلندرز میں شے ہوپ کو شامل کیا گیا۔

شان مسعود کی قیادت میں کراچی کنگز محمد اخلاق، جیمز وینس، شعیب ملک، کیرون پولارڈ، محمد نواز، عرفان خان نیازی، ڈینیئل سیمز، حسن علی، میر حمزہ اور تبریز شمسی پر مشتمل ہے۔

لاہور قلندرز کی ٹیم کی کپتانی شاہین آفریدی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، رسی ویندر ڈوسن، شے ہوپ، سکندر رضان، جارج لِنڈا، احسن حفیظ بھٹی، جہانداد خان، حارث رؤف اور زمان خان شامل ہیں۔

قلندرز کو اپنے گزشتہ تینوں میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

کراچی کنگز کی ٹیم پی ایس ایل 9 میں اپنا تیسرا میچ کھیل رہی ہے، اسے ایک میچ میں کامیابی ملی جبکہ ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔


install suchtv android app on google app store

Source link
www.suchtv.pk

اپنا تبصرہ بھیجیں