دنیا کے سب سے پستہ قد نامور تاجکستانی گلوکار عبدو روزک کو دلہن مل گئی اور گلوکار نے جلد شادی کا اعلان کردیا۔
20 سالہ عبدو روزک (جن کا قد صرف 3 فٹ ہے) نے سماجی پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ویڈیو پیغام شئیر کیا جس میں انہوں نے جلد رشتہ ازدواج سے منسلک ہونے کا اعلان کیا۔
گلوکار نے کہا کہ ان کا خواب تھا کہ ان کی زندگی میں بھی کوئی ایسا شخص آئے جو ان سے محبت کرے اور ان کی فکر کرے اور آخر کار ان کا خواب پور اہوگیا اور وہ بہت خوش ہیں۔
عبدو روزک نے اس دوران خوبصورت انگوٹھی بھی دکھائی جو وہ اپنی دلہن کو پہنائیں گے۔
انہوں نے ویڈیو پیغام کے کیپشن میں لکھا کہ ’میں نے اپنی زندگی میں کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ میں اتنا خوش قسمت ہوں گا کہ کوئی مجھ سے پیار کرے گا، جو میری عزت کرے اور میری زندگی میں آنے والی رکاوٹوں کو اپنے اوپر بوجھ نہیں سمجھے گا۔‘
گلوکار نے اعلان کیا کہ وہ 7 جولائی 2024 کو شادی کرنے والے ہیں۔
گلوکار کی جانب سے شادی کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے انہیں مبارک باد کے پیغام بھیجے اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
دلہن کون ہے؟
گلوکار عبدو روزک کونسی لڑکی سے شادی کررہے ہیں اور ان کا کیا نام ہے، اس حوالے سے تفصیل انہوں نے ظاہر نہیں کیں البتہ میڈیا رپورٹس کے مطابق عبدو روزک شارجہ سے تعلق رکھنے والی 19 سالہ اماراتی لڑکی عمائرہ سے شادی کررہے ہیں۔
خلیج ٹائمز کے مطابق عبدو روزک کی شادی متحدہ عرب امارات میں کسی نامعلوم مقام پر ہوگی، گلوکار نے انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ وہ زندگی کے نئے سفر کا آغاز کرنےوالے ہیں جس کا انہوں نے کبھی تصور نہیں کیا تھا۔
شادی کی تقریبات کی تفصیلات خفیہ رکھی گئی ہیں، تاہم خلیج ٹائمز کے مطابق جوڑے نے حال ہی میں منگنی کی ہے۔
عبدو روزک ایک مقبول سوشل میڈیا سنسنیشن اور تاجکستان سے تعلق رکھنے والے گلوکار ہیں، انسٹاگرام پر ان کے 80 لاکھ سے زیادہ فالوورز ہیں، وہ ’بگ باس 15‘ کا بھی حصہ تھے۔
Source link
www.suchtv.pk