ماہرہ خان پر شائقین کی جانب سے چیزیں پھینکی گئیں؟ اداکارہ ردعمل سامنے آگیا

سپر اسٹار اداکارہ ماہرہ خان نے گزشتہ روز ایک تقریب کے دوران اپنے ساتھ ہونے والے واقعے پر ردعمل دے دیا جب شائقین کی جانب سے ان پر چیزیں پھینکی گئیں جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی۔

اداکارہ ماہرہ خان نے حال ہی میں بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں کراچی آرٹس کونسل آف پاکستان (اے سی پی) کی جانب سے منعقد کیے گئے پاکستان لٹریچر فیسٹیول (پی ایل ایف) میں شرکت کی تھی جہاں ان کی ہزاروں مداحوں سے بھی ملاقات ہوئی۔

واقعہ کیا تھا؟

اسی تقریب کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں لوگوں کی جانب سے ماہرہ خان کی طرف چیزیں پھینکی گئیں جب اداکارہ فلم ساز وجاہت رؤف کے ساتھ اسٹیج پر محو گفتگو تھیں۔

تاہم پھینکی جانے والی چیزیں کسی کو نظر نہیں آسکیں کہ وہ کیا تھیں؟

مختصر ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اداکارہ بولتے بولتے اس وقت خاموش ہوکر چونک جاتی ہیں جب لوگوں کی جانب سے ان کی طرف کوئی چیز پھینکی جاتی ہے۔

اسٹیج پر لوگوں کی جانب سے پھینکی گئی چیز کے گرنے کے بعد اداکارہ نے حیرانی کا اظہار کیا اور بعد ازاں یہ شکوہ بھی کیا کہ ان کی طرف چیزیں پھینکی جا رہی ہیں۔

اداکارہ کا ردعمل

ماہرہ خان نے اس واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے انسٹاگرام پر لکھا کہ تقریب میں جو کچھ ہوا وہ غیر ضروری تھا، کسی کو یہ نہیں سوچنا چاہیے کہ اسٹیج پر کچھ بھی پھینکنا ٹھیک ہے، چاہے وہ کاغذ کے ہوائی جہاز میں لپٹا ہوا پھول ہی کیوں نہ ہو۔

اداکارہ نے اس حرکت کو غلط اور ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہجوم میں جب ایسے واقعات رونما ہوتے ہیں تو وہ نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کے لیے بھی خوفزدہ ہوجاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب وہ تقریب سے واپس جارہی تھیں کہ کسی نے کہا تھا کہ اس واقعے کے بعد اب یہاں کوئی ایونٹ نہیں کریں گے جس پر اداکارہ ماہرہ خان نے اختلاف کیا اور کہا کہ یہ مسئلے کا حل نہیں ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ تقریب میں 10 ہزار یا اس سے زائد لوگوں کا ہجوم تھا جو اپنی خوشی اور محبت کا اظہار کررہے تھے۔

ماہرہ خان نے کہا کہ تقریب میں 10 ہزار لوگوں میں سے ایک شخص نے ایسی حرکت کی تھی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اس واقعے کے بعد تقریب ادھوری چھوڑ کر جاسکتی تھیں، تقریب میں آنے سے قبل ہجوم کی چیکنگ ہوسکتی تھی اور انہیں ایسے واقعے کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔

ماہرہ خان نے کہا کہ وہ اس بات پر یقین رکھتی ہیں کہ ہمیں پاکستان کے دیگر شہروں میں بھی اس طرح کے مزید ایونٹس کے انعقاد کی ضرورت ہے، آپ جتنا زیادہ عوام میں نظر آئیں گے لوگوں میں اتنا زیادہ شعور اور تمیز ہوگی۔

اداکارہ نے آخر میں کہا کہ ان کی کوئٹہ کے دورے کے دوران کئی زبردست لوگوں سے ملاقات ہوئی، لذیز کھانوں سے لطف انداز ہوئیں۔


Source link
www.suchtv.pk

اپنا تبصرہ بھیجیں