آسٹریلیا کو سپر 8 مرحلے کے میچ میں شکست دے کر افغانستان نے تاریخ رقم کردی

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سپر 8 مرحلے کے میچ میں افغانستان نے آسٹریلیا کو 21 رنز سے شکست دے کر تاریخ رقم کردی۔

افغان کرکٹ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو جیتنے کیلئے 149 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں کینگروز 127 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 48 ویں میچ میں آسٹریلیا نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز اسکور کیے۔

آسٹریلیا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغان اوپنر رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زدران نے ٹیم کو 118 رنز کی شراکت سے شاندار اسٹارٹ فراہم کیا۔

آسٹریلیا کے بولرز کا مقابلہ کرتے ہوئے رحمان اللہ گرباز نے 49 گیندوں پر 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 60 رنز اسکور کیے جبکہ ابراہیم زدران نے 48 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 51 رنز داغے۔

افغانستان کی جانب سےکریم جنت 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد نبی 10 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کے پیٹ کمنز نے اپنے 4 اوورز میں 28 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیکر رواں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں لگاتار دوسری ہیٹرک کا اعزاز اپنے نام کیا۔

آسٹریلیا کے پیٹ کمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں لگاتار دو ہیٹرک کرنے والے دنیا کے پہلے بولر بن گئے ہیں۔

آسٹریلیا کے ایڈم زمپا 2 اور مارکس اسٹائنس بھی 1 وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

آسٹریلیا اور افغانستان کی ٹیمیں سینٹ ونسنٹ، کنگز ٹاؤن کے آرنس ویل اسٹیڈیم میں مدمقابل تھے۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے کے گروپ 1 میں شامل دونوں ٹیمیں اپنا دوسرا میچ کھیل رہی ہیں۔

اس سے قبل سپر 8 مرحلے کے پہلے میچ میں افغانستان کی ٹیم کو بھارت کیخلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم بنگلادیش کیخلاف فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

گروپ 2 میں جنوبی افریقا، انگلینڈ، امریکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں شامل ہیں۔


install suchtv android app on google app store

Source link
www.suchtv.pk

اپنا تبصرہ بھیجیں