پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی نے عمرا یوب کی جانب سے سیکریٹری جنرل کے عہدے سے دیے گئے استعفے کو مسترد کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اپنے فیصلے پر یوٹرن لیتے ہوئے عمر ایوب کا استعفیٰ منظور نہ کرنے کا مطالبہ کردیا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جہاں متفقہ طور پر عمرایوب پر پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل کے طور مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا کہ پارلیمانی پارٹی متفقہ طور پر مطالبہ کرتی ہے کہ عمرایوب کا استعفیٰ منظور نہ کیا جائے اور انہیں پارٹی کے سیکریٹری جنرل کے طور پر اپنا کام جاری رکھنے کی ہدایت کی جائے۔
پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کی جانب سے عمران خان سے مطالبہ سیکریٹری جنرل عمر ایوب کے پارٹی عہدے سے استعفے کے 24 گھنٹوں کے اندر سامنے آیا ہے تاہم عمر ایوب پارٹی کے اعلیٰ عہدے سے استعفے کے باوجود قومی اسمبلی میں بدستور قائد حزب اختلاف ہیں۔
عمر ایوب کے استعفے پر پی ٹی آئی کے اندر اختلافات کی رپورٹس پر اراکین میں کنفیوژن کا تاثر پایا جاتا ہے جہاں ایک طرف پارٹی نے عمران خان کی رہائی کے لیے ریلیاں اور احتجاج کا اعلان کردیا ہے تو دوسری طرف سیکریٹری جنرل نے پارلیمانی امور پر توجہ دینے کی غرض سے پارٹی کا اہم عہدہ چھوڑ دیا ہے۔
پی ٹی آئی کی پارلیمانی نے ان خبروں کی شدید مذمت کی، جس میں کہا گیا تھا کہ پارٹی کے اندر فارورڈ بلاک بن چکا ہے اور واضح کیا کہ پارلیمانی پارٹی یا پارٹی کے اندر کوئی فارورڈ بلاک نہیں ہے اور بانی چیئرمین عمران خان کی قیادت میں سب متحد ہیں۔
خیال رہے کہ عمرایوب نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پارٹی کے سیکریٹری جنرل کے عہدے استعفیٰ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ بطور پی ٹی آئی سیکریٹری جنرل میرا استعفیٰ قبول کرنے پر بانی پی ٹی آئی کامشکور ہوں، میں نے اپنا استعفیٰ 22 جون کو بانی پی ٹی آئی اور چیئرمین بیرسٹر گوہر علی کو بھیج دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فراز صاحب نے بانی پی ٹی آئی سے آج اڈیالہ جیل میں ملاقات کے دوران میرا پیغام پہنچایا۔
عمر ایوب نے کہا کہ بطور اپوزیشن لیڈر پارٹی کے سیکریٹری جنرل کے عہدے سے انصاف نہیں کر پا رہا تھا لہٰذا کسی اور شخص کو پارٹی کا سیکریٹری جنرل نامزد کیا جائے۔
انہوں نے پارٹی کے بطور سیکریٹری جنرل کے علاوہ پی ٹی آئی کے چئیرمین سینٹرل فنانس بورڈ کے عہدے سے بھی استعفیٰ دے دیا ہے۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ میں پی ٹی آئی کے لیے ایک کارکن کی حیثیت سے پی ٹی آئی کے نظریے کے مطابق کام کرتا رہوں گا۔
Source link
www.suchtv.pk