پاکستان بھارت کے ساتھ آئندہ سال نیوٹرل وینیو پر سیریز کا خواہاں ہے، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کولمبو میں بی سی سی آئی چیف جے شاہ کو اس حوالے سے تجویز پیش کریں گے۔
سیاسی کشیدگی کے سبب طویل عرصے سے پاکستان اور بھارت کی باہمی کرکٹ سیریز نہیں ہو سکی، بھارتی حکومت نے اپنے بورڈ کو اس حوالے سے ہدایات جاری کی ہوئی ہیں، صرف آئی سی سی یا اے سی سی ایونٹس کے دوران ہی روایتی حریفوں کا سامنا ہوتا ہے، ان دنوں چیمپئنز ٹرافی کیلیے آئندہ برس بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے یا نہ آنے پر بحث چھڑی ہوئی ہے، پہلے بھارتی میڈیا نے اس حوالے سے مثبت اشارے دیے مگر گزشتہ کچھ عرصے سے پھر ٹیم کے سرحد پار نہ کرنے کی باتیں زوروں پر ہیں۔
ان دنوں سری لنکا کے شہر کولمبو میں آئی سی سی کی سالانہ کانفرنس جاری ہے، میٹنگ کے ایجنڈے میں چیمپئنز ٹرافی میچز پاکستان کے ساتھ کسی اور ملک میں کرانے پر اضافی بجٹ کا بھی ذکر ہے،گذشتہ برس ایشیا کپ کیلیے بھی بھارتی ٹیم نے پاکستان آنے سے انکار کر دیا تھا جس پر اس کے میچز سری لنکا میں ہوئے تھے، البتہ پی سی بی اس بار واضح کر چکا کہ ہائبرڈ ماڈل قبول نہیں اور مکمل ایونٹ پاکستانی میدانوں پر ہی ہوگا۔
چیئرمین محسن نقوی ان دنوں کولمبو میں ہی ہیں،ذرائع کے مطابق میٹنگز کی سائیڈ لائنز پر ان کی بھارتی کرکٹ بورڈ چیف جے شاہ سے ملاقات ہو گی، وہ انھیں ٹیم کو پاکستان بھیجنے پر قائل کرنے کی کوشش کریں گے، البتہ پی سی بی بھی جانتا ہے کہ یہ فیصلہ بی سی سی آئی نہیں بھارتی حکومت ہی کرے گی۔
ذرائع کے مطابق سری لنکا روانگی سے قبل پی سی بی کے اعلیٰ حکام نے بھارت کو آئندہ برس کسی نیوٹرل وینیو پر ٹی ٹوئنٹی سیریز کی دعوت دینے پر اتفاق کر لیا ہے، محسن نقوی اس حوالے سے جے شاہ سے بات کریں گے، چیمپئنز ٹرافی کے بعد دونوں ٹیموں کی فراغت کے دنوں میں میچز کا انعقاد ممکن ہو سکتا ہے۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ اپنے ممالک میں پاکستان اور بھارت کو سیریز کھیلنے کی دعوت دے چکے ہیں، البتہ میزبان کے حوالے سے ابھی پاکستان نے کوئی فیصلہ نہیں کیا، جے شاہ کی جانب سے مثبت جواب دینے پر ہی پلان کو آگے بڑھایا جائے گا، محسن نقوی دیگر کرکٹ بورڈز کے اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کر کے چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات اور سیکیورٹی وغیرہ پر اعتماد میں لیں گے، ذرائع کے مطابق اب تک سوائے بھارت کے کسی اور ملک نے دورئہ پاکستان پر کسی قسم کے تحفظات ظاہر نہیں کیے، افغانستان کے حوالے سے پھیلائی گئی خبریں غلط ہیں، پی سی بی کو امید ہے کہ تمام ٹیمیں چیمپئنز ٹرافی کیلیے پاکستان آئیں گی۔
دریں اثنا پی سی بی نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے قریب واقع بلند عمارت سے ملحقہ پلاٹ بھی خرید لیا،فائیو اسٹار ہوٹل کے پروجیکٹ کیلیے کئی بڑی ہوٹلز چینز سے بات چیت جاری ہے، ایک تجویز پی سی بی کی جانب سے خود ہی ہوٹل بنانے کی بھی ہے، یہ پروجیکٹ اگلے چند برسوں میں مکمل ہو جائے گا جس کے بعد ٹیموں کو دور ہوٹل میں ٹھہرانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، سیکیورٹی انتظامات کیلیے سڑکیں بند کرنے کا سلسلہ بھی ختم ہو جائے گا،میچز کے دوران صرف قذافی اسٹیڈیم سے ملحقہ علاقے کو ہی بند کیا جائے گا۔
Source link
www.suchtv.pk