بھارتی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے پاکستان کی جانب سے بھارت میں ہونے والے 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا بائیکاٹ کرنے کی خبروں پر ردعمل دیا ہے۔
راجیو شکلا نے اتر پردیش پریمیئر لیگ کے کھلاڑیوں کی نیلامی کی تقریب میں بات کرتے ہوئے کہا کہ بی سی سی آئی چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کا سفر کرنے کے لیے حکومت کی منظوری کا انتظار کر رہا ہے۔
نائب صدر نے کہا کہ پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں شرکت کے حوالے سے جو چاہے کہہ سکتا ہے جس کی میزبانی بھارت سری لنکا کے ساتھ مل کر کرے گا۔
انہوں نے کہا ‘پاکستان 2026 کے ورلڈکپ کے دوران بھارت آنے کے بارے میں جو چاہے کہہ سکتا ہے، لیکن ہم صرف چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے بھارتی حکومت کی منظوری کا انتظار کر رہے ہیں’۔
دوسری جانب بی سی سی آئی کے ایک اور سینئر عہدیدار نے اعتراف کیا کہ اگر بھارت چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کا سفر نہیں کرتا تو پاکستان کرکٹ بورڈ ردعمل ظاہر کرے گا۔
سینئر عہدیدار نے کہا کہ یقیناً ہم انتقامی کارروائی کی توقع رکھتے ہیں، اگر ہم پاکستان نہ گئے تو ایشیا کپ کے بائیکاٹ کی دھمکی دیں گے لیکن پی سی بی کو سمجھنا چاہیے کہ یہ بی سی سی آئی کے ہاتھ میں نہیں ہے، کسی ٹیم کو بیرون ملک بھیجنے کے لیے حکومت کی اجازت درکار ہوتی ہے۔
دوسری جانب پی سی بی غیر جانبدار مقام یا پلان بی کی افواہوں کے باوجود چیمپئنز ٹرافی 2025 کے تمام میچز کی میزبانی ملک میں کرانے کے اپنے مؤقف پر قائم ہے اور بتایا گیا تھا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ نہیں کرے گی۔
چیمپئنز ٹرافی کے میچز تین مقامات کراچی، راولپنڈی اور لاہور میں ہوں گے اور پی سی بی کے آئی سی سی کو مجوزہ شیڈول کے مطابق بھارت کے تمام میچ لاہور میں ہوں گے۔
بھارت کے علاوہ چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کرنے والی تمام 8 ٹیمیں پہلے ہی پاکستان میں کھیل چکی ہیں اور پی سی بی کا خیال ہے کہ بھارت کے پاس یہاں نہ آنے کی کوئی مضبوط وجہ نہیں ہے۔
چیمپئنز ٹرافی کی مجوزہ تاریخیں 19 فروری سے 9 مارچ تک ہیں۔
Source link
www.suchtv.pk