لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن) میٹرک کے ٹاپرز کی سرکاری سطح پر حوصلہ افزائی کیلئے تیاریاں شروع کر دی گئیں۔
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی صدارت میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، ڈی سی آفس، ہوم ڈیپارٹمنٹ، آئی جی آفس، پروٹوکول سمیت دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ تمام بورڈز کے ٹاپر طلبہ کو خصوصی ایوارڈز اور بڑے کیش پرائز دیئے جائیں گے، لاہور آمد پر طلبہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا اور مکمل پروٹوکول کے ساتھ تقریب کے مقام پر لایا جائے گا، طلبہ کے اعزاز میں شاہی قلعہ میں عشائیہ بھی دیا جائے گا۔رانا سکندر حیات نے کہا کہ طلبہ اور انکے اساتذہ کی حوصلہ افزائی کیلئے ہر طالب علم کی جانب سے نامزد استاد کو بھی خصوصی ایوارڈ سے نوازا جائے گا، وزیر تعلیم نے عِندیہ دیا کہ تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے طلبہ کیلئے سکالرشپس کا اعلان بھی متوقع ہے۔
پنجاب بھر سے آنے والے ٹاپر طلبہ، اساتذہ اور والدین 2 روز لاہور میں قیام کریں گے، تقریب کا انعقاد 7 اگست کو مقامی ہوٹل میں کیا جائے گا، حکومت کی سطح پر ایسی پروقار تقریب کا انعقاد 7 سال بعد کیا جا رہا ہے، شہباز شریف کے بعد اب مریم نواز نے ٹاپر بچوں کے اعزاز میں تقریب کی ہدایت کی ہے۔
Source link
dailypakistan.com.pk