اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزارت تعلیم اور گوگل کے مابین لاکھوں پاکستانی طالب علموں کو تعلیم تک رسائی دینے کے لیے شراکت داری کا اعلان کیا گیا ہے۔
ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق وفاقی وزارت تعلیم اور گوگل فار ایجوکیشن کی اس شراکت داری کے تحت پاکستان میں سمارٹ کلاس رومز قائم کیے جائیں گے جن کے ذریعے طالب علموں کے لیے ڈیجیٹل ایکو سسٹم کو بہتر بنایا جائے گا۔
گوگل اور وزارت تعلیم اس معاہدے کے تحت سکول نہ جانے والے بچوں کو تعلیم تک رسائی دینے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی طرف سے 2کروڑ 60لاکھ سے زائد سکول نہ جانے والے بچوں کے حوالے سے ’تعلیمی ایمرجنسی‘ کا اعلان کیا گیا تھا۔
اس حوالے سے گزشتہ دنوں وزیر اعظم پاکستان کی گوگل فار ایجوکیشن کے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات ہوئی، جس میں وفاقی وزارت تعلیم اور گوگل فار ایجوکیشن کے باہمی اشتراک سے پاکستان میں سمارٹ کلاس رومز قائم کرنے اورایک صحت مندانہ تعلیمی ایکو سسٹم وضع کرنے پر بات ہوئی۔ اس اشتراک کے تحت گوگل اپنے ایجوکیشن پارٹنر ’ٹیک ویلی‘ کے ذریعے 2026ءتک پاکستان میں 5لاکھ سے زائد کروم بکس مقامی سطح پر اسمبل کرے گا، جن کے ذریعے طالب علموں اور اساتذہ کو ڈیجیٹل ٹولز مہیا کیے جائیں گے۔
Source link
dailypakistan.com.pk