لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے صوبائی مشیر صحت میجر جنرل (ریٹائرڈ) اظہر محمود کیانی نے ملاقات کی،جس میں صحت کے شعبے میں اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا-مشیر صحت اظہر کیانی نے ہیلتھ سیکٹر ریفارمز کے لیے سفارشات پیش کیں-ملاقات میں ہیلتھ پراجیکٹس کی جلد تکمیل کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کرنے پر اتفاق کیا گیا-
وزیراعلیٰ مریم نوازنے کہاکہ صحت کا شعبہ میرے دل کے بہت قریب ہے – ہیلتھ کے شعبے میں انقلاب لا نے کا تہیہ کر لیا ہے -تمام مراکز صحت، ٹی ایچ کیو اور ٹرشری ہاسپٹلز کی اپ گریڈ یشن پر کام شروع کر دیا ہے -دل کے امراض، ٹی بی، کینسر اور ہیپاٹائٹس کی ادویات لوگوں کے گھروں میں پہنچا رہے ہیں – انتہائی خوشی ہوئی جب ایک خاتون نے مجھے گھر ڈلیور ہونے والی دل کی ادوایات دکھائیں -فیلڈ ہاسپٹلز اور کلینک آن ویلز کا منصوبہ کامیاب ترین منصوبوں میں سے ایک ہے-چند ہفتوں میں 12 لاکھ افراد کا ان کی دہلیز پر علاج ہوا ہے-فیلڈ ہسپتالوں میں مفت ادویات کے ساتھ ایکسرے، فری لیب ٹیسٹ اور ای سی جی موجود ہے-500 مزید کلینک آن ویلزکا اضافہ کررہے ہیں -جہاں پر ڈاکٹرز موجود نہیں، وہاں ڈاکٹرز کو بھیجنے کے لیے مراعات دے رہے ہیں – دور دراز علاقوں میں ڈاکٹرز کی کمی نہیں رہے گی-سابق دور میں جو دوائیاں ہسپتالوں میں بند کر دی گئی تھیں، دوبارہ ملنا شروع ہو چکی ہیں –
انہو ں نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات دی جا رہی ہیں اور لوگوں کی دہلیز پر مفت ادویات پہنچائی جا رہی ہیں -فیلڈ ہسپتالوں کا دائرہ کار بتدریج اضلاع تک وسیع کیا جائے گا۔ ڈسٹرکٹ میں کارڈیالوجی اور پیڈز بلاک بننے سے دیہات کے مکینوں کو شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔ موجودہ ہیلتھ انفراسٹرکچر کو مکمل طور پر پبلک فرینڈلی بنانا ضروری ہے۔ موجودہ سسٹم کی بحالی اور ری سٹرکچرنگ کی جائے گی۔ پنجاب کے ہر شہری کے لئے صحت کی بہترین سہولیات تک رسائی فراہم کرنا ہمارا عزم ہے۔
وزیراعلیٰ نے میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیز میں جدید ریسرچ کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی-
Source link
dailypakistan.com.pk