blank

توشہ خانہ کیس جوڈیشل کمپلیکس منتقل کرنے کی عمران خان کی درخواست مسترد

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے اقدام قتل اور توشہ خانہ کیس کی سماعت کے لیے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی عدالت کے مقام کی منتقلی کی درخواست مسترد کردی۔

عمران خان کے خلاف اقدام قتل کی دفعہ کے تحت تھانہ سیکرٹریٹ میں درج مقدمےکےکیس کی سماعت ضلع کچہری اسلام آباد میں ہوئی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں عمران خان کی جانب سے ان کے وکیل بابر اعوان نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر دونوں مقدمات کی سماعت جوڈیشل کمپلیکس منتقل کرنے کی درخواست دائر کی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔

عمران خان کے وکیل کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ ایجنسیوں کی رپورٹس کے تحت کچہری میں سکیورٹی الرٹ جاری ہے، پہلے بھی دہشت گردی کے واقعات ہوچکے ہیں، عمران خان کے ساتھ عام شہریوں کو بھی ضلعی کچہری میں خطرہ ہے۔

وکیل بابر اعوان کا کہنا تھا کہ عمران خان کل اسلام آباد کی عدالتوں میں آئیں گے، دو کیسز جوڈیشل کمپلیکس اور ایک ضلع کچہری میں ہے،کل توشہ خانہ کیس میں آپ کی عدالت میں عمران خان نے پیش ہونا ہے، وزیراعظم، چیف کمشنر، وزیرداخلہ اور آئی جی اسلام آباد سے ضلعی کچہری میں سکیورٹی کی گارنٹی لیں۔

بابر اعوان نے استدعا کی کہ تھانہ سیکرٹریٹ اور توشہ خانہ کیسز کی سماعت جوڈیشل کمپلیکس میں کرلیں، تھانہ سیکرٹریٹ میں آج ضمانت میں توسیع کا فیصلہ بھی کل تک مؤخرکرلیں۔

جج نے سوال کیا کہ کیا عمران خان نےکل آنا ہے میری عدالت میں؟ اس پر وکیل بابر اعوان نےکہا کہ عمران خان نے آپ کی عدالت میں آنا ہے، عمران خان تھانہ سیکرٹریٹ کے مقدمے میں حاضری دینا چاہتے ہیں۔

عدالت نے بابر اعوان کی یقین دہانی پر عمران خان کی ضمانت میں کل تک توسیع جب کہ توشہ خانہ کیس جوڈیشل کمپلیکس منتقل کرنے کی درخواست مسترد کردی۔

فاضل جج نے قرار دیا کہ ہمارے پاس اختیار نہیں کہ ہم ایک کورٹ سے اٹھ کر خود دوسری میں بیٹھ جائیں۔

دوسری جانب عدال نے عمران خان کی ضمانت خارج کرنے اور پمز سے طبی معائنے کی استدعا بھی مسترد کردی۔


subscribe YT Channel

install suchtv android app on google app store

Source link
www.suchtv.pk

اپنا تبصرہ بھیجیں