blank

اگر آپ کو بھی دیر تک نیند نہیں آتی تو یہ 7 کام کریں

blank

اگر آپ کو بھی دیر تک نیند نہیں آتی تو یہ 7 کام کریں

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) نیند نہ آنے کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں۔ اگر آپ کو بھی رات کو دیر تک نیند نہیں آتی اور آپ بستر پر پڑے کروٹیں بدلتے رہتے ہیں تو آپ کو کیا کرنا چاہیے؟ ویب سائٹ ’ہیلتھ ڈاٹ کام‘ کے مطابق ماہرین نے 7ایسے کام بتائے ہیں جو ان لوگوں کو کرنے چاہئیں جنہیں نیند نہیں آتی۔ 

ماہرین کے مطابق ایسے لوگوں کو اپنے ایسے کاموں کی فہرست بنانی چاہیے جو وہ مستقبل میں کرنا چاہتے ہیں۔ 2017ءمیں کی گئی ایک تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ ایسے کاموں کی فہرست بنانے سے لوگوں کی نیند کا معیار بہتر ہوتا ہے کیونکہ اس سے ان کا دماغ پرسکون ہو جاتا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ روزانہ رات کو سونے سے پہلے 5منٹ کے لیے اگلے دن کے کاموں کی فہرست ترتیب دینا بھی نیند کے حصول کے لیے بہترین عمل ہے۔

ویک فاریسٹ بیپٹسٹ میڈیکل سنٹر میں نیورالوجی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر کارمیک او ڈونوین کا کہنا ہے کہ اگر آپ کو بستر میں نیند نہیں آ رہی تو کروٹیں بدلتے رہنے کی بجائے بستر سے نکل جانا بہتر ہوتا ہے۔ ہو سکتا ہے آپ نے اپنے دماغ کی بیڈروم اور بستر میں جاگتے رہتے کی تربیت کر دی ہو۔ کوشش کریں، بستر میں جانے کے بعد جاگتے رہنے کی ہرگز کوشش نہ کریں۔اگر آپ بستر میں جانے کے 20سے 30منٹ بعد بھی جاگ رہے ہیں تو بستر سے نکل جائیں اور کوئی اور کام کریں اور جب نیند محسوس ہو، تبھی بستر میں واپس جائیں۔اس طرح آپ کا دماغ سیکھ جائے گا کہ جونہی آپ بستر میں جائیں، آپ کو سونا ہے۔

چونکہ موبائل فون یا کوئی اور ڈیوائس استعمال کرنے سے نیند اڑ جاتی ہے، چنانچہ سونے سے قبل کوئی ڈیوائس استعمال کرنے کی بجائے کتاب پڑھیں۔تاہم جان ہاپکنز میڈیسن کے مطابق بستر میں 20منٹ سے زیادہ دیر کتاب مت پڑھیں۔اگر 20منٹ کتاب پڑھنے کے بعد بھی آپ کو نیند نہیں آ رہی تو بستر سے نکل جائیں اور کسی اور جگہ بیٹھ کر کتاب پڑھیں۔

اگر آپ کتاب نہیں پڑھنا چاہتے تو آج کے زمانے میں پوڈ کاسٹ سننا اس کا بہترین متبادل ہو سکتا ہے۔ اس طرح آپ سکرین کی روشنی سے بھی محفوظ رہتے ہیں اور آپ کی آنکھیں بھی نہیں تھکتیں۔سونے سے قبل اپنی پسند کے موضوع پر پوڈ کاسٹ تلاش کریں اور اسے سننا شروع کر دیں۔یہاں بھی اصول وہی رکھیں، اگر پوڈ کاسٹ سنتے ہوئے آپ کو 20منٹ ہو چکے ہیں اور نیند نہیں آ رہی تو بستر سے نکل جائیں اور کسی دوسرے کمرے میں جا کر پوڈکاسٹ سنیں اور نیند محسوس ہونے پر واپس بستر میں جائیں۔

کارمیک او ڈونوین کا کہنا ہے کہ ساﺅنڈ تھراپی پر کچھ زیادہ تحقیقاتی کام نہیں ہوا لیکن یہ ساﺅنڈز بھی نیند کے حصول میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ میرے کئی مریضوں نے مجھے بتایا کہ وہ پہلے ساحل سمندر پر رہتے تھے اور اب بڑے شہروں میں منتقل ہو چکے ہیں جہاں انہیں رات کے وقت سمندر کی لہروں کے شورکی بہت یاد آتی ہے۔ اب انہیں احساس ہوتا ہے کہ وہ شور انہیں نیندکے حصول میں مدد دیتا تھا۔چنانچہ اگر آپ کو نیند کے حصول میں مشکل کا سامنا ہے تو ایسے پرسکون کرنے والے ساﺅنڈز انٹرنیٹ سے ڈاﺅن لوڈ کریں اور نیند سے پہلے انہیں سنیں۔

کارمیک او ڈونوین نے کہا کہ سانس کی کئی ورزشیں ہیں، جو نیند کے حصول میں اور نیند کا معیار بہتر کرنے میں مدد دیتی ہیں۔ رات کے وقت بستر میں لیٹ کر اپنا ایک ہاتھ سینے پر اور دوسرا پیٹ پر رکھیں اور ناک کے ذریعے سانس اندر کھینچیں۔ اس وقت تک سانس اندر کھینچیں حتیٰ کہ آپ کو اپنا پیٹ ہوا سے بھرا ہوا محسوس ہونے لگے۔ پھر اپنے ہاتھ سے پیٹ کو دبائیں اور اس کے ساتھ آہستہ آہستہ سانس خارج کریں۔ اس مشق کو بار بار دہرائیں۔

جان ہاپکنز میڈیسن کے مطابق کھانے کی کچھ ایسی اشیاءہیں جو بستر میں جانے سے پہلے ہرگز نہیں کھانی چاہئیں۔ ان میں پروٹین سے بھرپور اشیاءشامل ہیں۔ یہ اشیاءآسانی سے ہضم نہیں ہوتیں اور نیند کے حصول میں رکاوٹ بنتی ہیں۔ اس کے علاوہ پراسیسڈ پنیر، پیپرونی اور دیگر اس نوعیت کی اشیاءسے گریز کرنا چاہیے۔ان کے علاوہ بستر میں جانے سے پہلے کوئی ہلکی کاربوہائیڈریٹ کی حامل چیز کھانا فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔ 

ہر شخص کو جلد یا بدیر نیند آ جاتی ہے تاہم اگر آپ کو کئی دن تک مسلسل نیند نہیں آ رہی اور آپ رات رات بھر جاگتے رہتے ہیں تو آپ کو ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔

مزید :

تعلیم و صحت



Source link
dailypakistan.com.pk

اپنا تبصرہ بھیجیں