blank

اسلام آباد سازشوں کا گھڑ بن گیا،لگتا ہے پی ڈی ایم، پی ٹی آئی اور ان کے سرپرستوں نے ایٹمی اسلامی پاور کو خدانخواستہ سوڈان بنانے کا راستہ اختیار کر لیا،سراج الحق

لاہور( این این آئی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اسلام آباد سازشوں کا گھڑ بن گیا، ملک تیزی سے انارکی کی جانب بڑھ رہا ہے، عوام کو فیصلے کا اختیار نہ دیا گیا تو موجودہ لڑائی گلی کوچوںمیں پھیل جائے گی، یوں دکھائی دیتا ہے کہ پی ڈی ایم، پی ٹی آئی اور ان کے سرپرستوں نے ایٹمی اسلامی پاور کو خدانخواستہ سوڈان بنانے کا راستہ اختیار کر لیا ہے۔

ملک کو انارکی سے بچانے کے لیے سیاسی جماعتیں بلوغت کا مظاہرہ کریں، جتنی ضرورت ڈائیلاگ کی آج ہے پہلے نہ تھی۔ تمام صورت حال کے براہ راست متاثرین ملک کے کروڑوں غریب لوگ ہیں جن سے جینے کا حق بھی چھین لیا گیا، وی آئی پی کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ جماعت اسلامی ہمیشہ سے کہہ رہی ہے کہ سیاسی پارٹیوں کی لڑائی سے جمہوریت کا خاتمہ ہو جائے گا، کسی کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا، سارا نقصان قوم اور ملک کا ہو گا۔ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ مارشل لا یا ایمرجنسی مسائل کا حل نہیں، اس طرح کی افواہیں اور چہ مگوئیاں مزید تباہی لائیں گی۔ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی لڑائی سے ادارے تقسیم ہو گئے، دونوں نے عدالت اور پارلیمان کو ایک دوسرے کے سامنے کر دیا، عوام کا بھی اداروں پر اعتماد اٹھ چکا ہے، سپریم کورٹ کی ذمہ داری ہے کہ اپنی غیرجانبداری ثابت کریں۔ موجودہ مسائل کا حل اسٹیبلشمنٹ یا عدالت کے پاس نہیں بلکہ سیاسی جماعتوں کو ہی کوئی راستہ نکالنا ہو گا۔ جماعت اسلامی کا موقف ہے کہ عوام اس ملک کے وارث ہیں، انھیں فیصلے کا اختیار دیا جائے تاکہ وہ اپنے لیے ایسی قیادت منتخب کریں جو ملک کو موجودہ معاشی بدحالی اور بدامنی سے نکال سکے۔ بطور سٹیک ہولڈر جماعت اسلامی تمام سیاسی سٹیک ہولڈرز سے اپیل کرتی ہے کہ الیکشن پر راضی ہو جائیں، شفاف الیکشن کے لیے عوام کو سازگار ماحول مہیا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

کراچی کے دوروزہ دورے سے واپسی پر منصورہ سے جاری بیان میں امیر جماعت سراج الحق نے کہا کہ ملک میں انصاف اور قانون صرف طاقتور کے لیے ہے جس کے لیے عدالتیں ہر وقت کھلی ہیں جب کہ غریب کو انصاف کے لیے دھکے کھانے پڑتے ہیں۔

گوادر تحریک کے رہنما مولانا ہدایت الرحمن ایک غریب کے بیٹے ہیں انھیں بھی ایک جعلی مقدمے میں احاطہ عدالت سے گرفتار کیا گیا اور وہ چار ماہ سے جیل میں ہیں، مگر انصاف کے منتظرہیں، جماعت اسلامی نے ان کی رہائی کے لیے سپریم کورٹ میں اپیل بھی دائر کی ، مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کا قصور صرف یہ ہے کہ وہ گوادر کے عوام کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتے ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی سیاست میں تشدد اور انتہا پسندی کے خلاف ہے،ہم سمجھتے ہیں کہ سیاسی ہو یا مذہبی، انتہا پسندی دونوں صورتوں میں خطرناک ہے، جلاؤ گھیراؤ کی سیاست ملک کے لیے تباہ کن ہے، گزشتہ دو تین روز میں جو کچھ ہوا نگران حکومتیں بھی اس کی ذمہ دار ہیں

پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی سیاست نے پوری دنیا میں ملک کو تماشہ بنادیا ہے،معیشت تباہ ہوگئی ہے، قومی املاک کی بربادی پر ہر پاکستانی فکر مند ہے،ہمیں ایک مہذب قوم بننے کے لیے قانونی کی حکمرانی پر اتفاق کرنا ہوگا، سیاست میں عدم برداشت، سیاست کے خاتمے کا باعث بنتا ہے

ضروری ہے کہ ملک کے ہر شہری کے ساتھ قانون کے مطابق پیش آیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک کو موجودہ دلدل سے نکالنے کے لیے جماعت اسلامی نے عیدالاضحیٰ کے بعد الیکشن کی تجویز دی ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز اتفاق رائے کریں۔



Source link
javedch.com

اپنا تبصرہ بھیجیں