blank

وہ فائدہ مند کام جن میں حد سے تجاوز نقصان دہ ہوسکتا ہے ماہرین نے خبردار کردیا

blank

وہ فائدہ مند کام جن میں حد سے تجاوز نقصان دہ ہوسکتا ہے، ماہرین نے خبردار کردیا

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) صحت و صفائی کے حوالے سے اعتدال پسندی ہی بہترین چیز ہے۔ ایک فائدہ مند چیز کو اگر حد سے زیادہ بڑھا لیا جائے تو وہی نقصان دہ ہو جاتی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق ماہرین نے کچھ ایسی کام بیان کیے ہیں جنہیں ہم بہت فائدہ مند خیال کرتے ہیں مگر ماہرین کے مطابق اگر یہی کام حد سے بڑھا لیے جائیں تو الٹا نقصان دہ ثابت ہوتے ہیں۔

سبزیاں کھانا یقینا ایک فائدہ مند کام ہے لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ بہت زیادہ سبزیاں کھانا منفی اثرات کا حامل ہو سکتا ہے، خاص طور پر وہ لوگ جو مقعد اور آنتوں کے امراض میں مبتلا ہیں، ان کے لیے زیادہ سبزیاں کھانا نقصان دہ ہو سکتا ہے۔عالمی ادارہ صحت کی طرف سے ایک بالغ شخص کے لیے روزانہ 400گرام پھل اور سبزیاں تجویز کی گئی ہیں۔ اتنی مقدار میں ہی پھل اور سبزیاں فائدہ مند ہوتے ہیں۔

خشک پھل، مگر ناشپاتی، دہی اور دیگر ڈیری مصنوعات کو ہم بہت فائدہ مند خیال کرتے ہیں لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ ان اشیاء میں ہسٹامین نامی کیمکل پایا جاتا ہے جو الرجی کا سبب بنتا ہے۔ چنانچہ مذکورہ اشیاء ایک مناسب حد تک ہی فائدہ مند ہوتی ہیں۔ ان کا زیادہ استعمال جسم میں اس کیمیکل کی مقدار بڑھا دیتا ہے، جس سے آدمی ڈائریا، بخار، سانس میں مشکل، بلڈپریشر کے مسائل، سردرد اور دیگر کئی طرح کے مسائل کا شکار ہو سکتا ہے۔

کہا جاتا ہے کہ متوازن غذا کے ساتھ کچھ سپلیمنٹس بھی لینے چاہئیں لیکن ڈیوڈ وینر اور دیگر ماہرین کا کہنا ہے کہ وٹامنز کے لیے استعمال کیے جانے والے سپلیمنٹس کا زیادہ استعمال فائدے کی بجائے الٹا نقصان دہ ہوتا ہے۔ اسی طرح پانی کا زیادہ استعمال بھی تجویز کیا جاتا ہے لیکن بوتل کا پانی زیادہ استعمال کرنے سے آدمی کو کئی طرح کی بیماریاں لاحق ہوتی ہیں۔ 

لوگ چکنائی والے کھانوں کو معیوب سمجھتے ہیں اور کچھ لوگ تو ایسے کھانوں کو یکسر اپنی خوراک سے نکال دیتے ہیں۔ ماہرین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ چکنائی والے کھانوں کو یکسر خوراک سے نکال دینا بھی صحت کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے۔ البتہ صحت مندانہ چکنائی کی حامل اشیاء کا استعمال فائدہ مند ہوتا ہے جن میں زیتون کا تیل، مختلف قسم کے بیج، خشک میوہ جات وغیرہ۔

بھلا کون ہو گاجو دانتوں کی صفائی کو نقصان دہ کہے گا، مگر کچھ لوگ ہوتے ہیں جو دانت صاف کرتے ہوئے ان کی ایسی رگڑائی کرتے ہیں کہ الامان والحفیظ۔ ماہرین نے ایسے لوگوں کو بھی بری خبرسنائی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ دانتوں کو حد سے زیادہ برش کرنا بھی بہت نقصان دہ ہوتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کھانے کے فوری بعد ہرگز برش نہیں کرنا چاہیے، بلکہ کھانے کے بعد 30منٹ سے ایک گھنٹہ تک انتظار کرنا چاہیے اور پھر دانت برش کرنے چاہئیں اور وہ بھی اعتدال کے ساتھ۔

اسی طرح ہاتھوں کو سینیٹائز کرنا اور ورزش کرنا بھی یقینا اچھی عادتیں ہیں لیکن دونوں اگر حد سے زیادہ بڑھا لی جائیں تو ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ الٹی نقصان دہ ثابت ہوتی ہیں۔ اسی طرح بہت زیادہ چیونگم چبانا بھی صحت کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے۔



Source link
dailypakistan.com.pk

اپنا تبصرہ بھیجیں