blank

امریکا کا جدید ترین ایف 35 لڑاکا طیارہ لاپتہ، عوام سے تلاش کی اپیل

امریکا کا جدید ترین ایف ۔35 لڑاکا طیارہ ریاست سائوتھ کیرولائنا کے شہر نارتھ کارلسٹن کے ایئر بیس سے پرواز کے بعد لاپتہ ہو گیا ہے اور امریکی فوج نے عوام سے اس طیارے کی تلاش میں مدد دینے کی اپیل کی ہے۔ طیارے کا پائلٹ اپنی سیٹ ایجیکٹ کر کے بحفاظت زمین پر اتر گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جوائنٹ بیس کارلسٹن میں تعینات امریکا کی میرین کور کے افسران کے مطابق پیراشوٹ کے ذریعے بحفاظت اترنے کے بعد پائلٹ کو مقامی ہسپتال لے جایا گیا، جہاں اس کی حالت مستحکم تھی۔

پائلٹ کے مطابق اس نے طیارے میں خرابی کا علم ہونے کے بعد اپنی سیٹ ایجیکٹ کرنے سے پہلے اسے آٹوپائلٹ پر منتقل کیا تھا۔ افسران نے پائلٹ کی شناخت جاری نہیں کی۔ سینئر ماسٹر سارجنٹ ہیدر اسٹینٹن نے کہا کہ لاپتہ طیارے کے مقام اور رفتار کی بنیاد پر، ایف 35 لائٹننگ II جیٹ کی تلاش کارلسٹن کے شمال میں واقع مولٹری اور ماریون نامی جھیلوں میں جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق جوائنٹ بیس سے دو ایف ۔35 طیاروں نے پرواز کی تھی تاہم ایک طیارے کا پائلٹ اپنے طیارے کو لے کر بیس پر واپس پہنچ گیا ہے۔ دونوں طیاروں کا تعلق میرین اٹیک ٹریننگ سکواڈرن 501 سے ہے۔

رپورٹ کے مطابق سائوتھ کیرولائنا سے تعلق رکھنے والی رکن کانگرس نینسی میس نے کہا ہے کہ ایف۔35 اس قدر آسانی سے کیسے لاپتہ ہو سکتا ہے کیا اس میں ٹریکنگ ڈیوائس نہیں ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی تنقید کی کہ فوج کی طرف سے عوام سے طیارے کی تلاش میں مدد کی اپیل کی گئی ہے۔


Source link
www.suchtv.pk

اپنا تبصرہ بھیجیں