blank

بھارت نے نیوزی لینڈ کو 4وکٹوں سے شکست دیدی

دھرم شالہ(این این آئی)آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں بھارت نے ویرات کوہلی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو 4وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل پانچویں کامیابی حاصل کرلی،پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم مقررہ 50اوورز میں 273رنز بناکر آئوٹ ہوگئی،یوںبھارت نے نیوزی لینڈ کا 274رنز کا ہدف48اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، ویرات کوہلی 95رنز بناکر نمایاں رہے،بھارت کی جانب سے زیادہ وکٹیں لینے پرمحمد شامی کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

اتوارکو دھرم شالہ میں ہماچل پردیش کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم مقررہ 50اوورز میں 273رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، ڈیرل مچل 130 رنز بناکر نمایاں رہے۔بھارت کے خلاف نیوزی لینڈ کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا، 9کے مجموعی اسکور پر ڈیون کونوے صفر پر محمد سراج کی گیند پر آئوٹ ہوئے۔ بعد ازاں ٹیم کا مجموعی اسکور 19رنز پر پہنچا تو محمد شامی نے ول ینگ کو17رنز پر پویلین بھیجا۔2وکٹیں گرنے کے بعد ڈیرل مچل اور نوجوان بیٹر رچن رویندرا کے درمیان شاندار 159رنز کی شراکت داری قائم ہوئی جس نے ٹیم کا اسکور 178رنز تک پہنچایا، دونوں بیٹرز نے گرائونڈ کے چاروں اطراف دلکش شاٹس لگائے۔

لیکن پھر رچن 87گیندوں پر 75رنز بناکر آئوٹ ہوگئے، اس کے بعد ٹام لیتھم 5، گلین فلپس 23، مارک چیپمین 6اور سینٹنر ایک رن بناکر پویلین لوٹے۔جہاں ایک جانب سے وکٹیں گرر ہی تھیں وہیں دوسری طرف ڈیرل مچل نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی، وہ بھی 127گیندوں پر 130رنز بناکر آئوٹ ہوگئے، ان کی اننگز میں 9چوکے اور 5چھکے شامل تھے۔ اس کے علاوہ میٹ ہینری صفر، فرگوسن ایک رن بناسکے،یوں کیویز کی پوری ٹیم 50اوورز میں 273رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔بھارت کی جانب سے محمد شامی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5وکٹیں حاصل کیں، کلدیپ یادیو نے 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ محمد سراج اور بمراہ نے ایک، ایک وکٹ لی۔

نیوزی لینڈ کے 274رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کا آغاز اچھا رہا، اوپنرز کے درمیان 71رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر کپتان روہت شرما 46رنز بناکر آئوٹ ہوگئے جبکہ شبھمن گل بھی 26رنز پر پویلین لوٹے۔اس کے بعد شریاس ائیر33، کے ایل راہول 27اور سوریا کمار یادیو 2رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔ایسے میں ویرات کوہلی نے شاندار بیٹنگ کری اور کیوی بولرز کا جم کر سامنا کیا اور دلکش شاٹس لگائے لیکن وہ سنچری پوری نہ کرسکے اور 104گیندوں پر 95رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔اس کے علاوہ رویندرا جڈیجا 39رنز بناکر ناقابل شکست رہے،یوں بھارت نے نیوزی لینڈ کا 274رنز کا ہدف 48اوورز میں پورا کرلیا اور ایونٹ میں مسلسل پانچویں کامیابی حاصل کرلی۔نیوزی لینڈ کی رواں ورلڈکپ میں یہ پہلی شکست ہے،کیویز نے اب تک5میچز کھیلے اور 4میں فتح حاصل کی۔

شاندار بولنگ پرفارمنس پر محمد شامی کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ ورلڈکپ میں مسلسل پانچویں کامیابی کے بعد بھارت نے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے،نیوزی لینڈ کا دوسرا، جنوبی افریقا کی تیسرا اور آسٹریلیا کا چوتھا نمبر ہے۔پاکستان 4پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔واضح رہے کہ گروپ اسٹیج کے اختتام پر ٹاپ 4ٹیمیں سیمی فائنلز کیلئے کوالیفائی کریں گی۔

Source link
javedch.com

اپنا تبصرہ بھیجیں