کوئٹہ (ڈیلی پاکستان آن لائن)حکومت بلوچستان نے مسلمان طالب علموں کیلیے سکولوں میں قرآن مجید کی تعلیم کو لازمی قرار دے دیا۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس 21 اور 22 مئی کو ہوا، جس میں کابینہ اراکین نے مختلف منصوبوں کی منظوری دی۔کابینہ نے مسلم طالب علموں کیلیے قرآن کی تعلیم کو لازمی قرار دیا جس کے بعد سکولوں میں دیگر مضامین کے ساتھ قرآن مجید کی تعلیم بھی دی جائے گی۔
اس کے علاوہ کابینہ نے انتظامی امور اور مفاد عامہ سے متعلق منصوبوںکی منظوری دی جبکہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری کیلیے وزیراعلیٰ نے جامع سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے دونوں شعبوں میں افسران اور ملازمین کی ترقیوں کو کارکردگی سے مشروط کردیا اس کے علاوہ کابینہ نے کم عمری میں شادی کی روک تھام اور گھریلو تشدد کے خاتمے کے لیے ترمیمی بل کی منظوری بھی دے دی۔
Source link
dailypakistan.com.pk