لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) انسداد تمباکو نوشی کے عالمی دن کی مناسبت سے صوبائی وزارت تعلیم پنجاب اور تمباکو نوشی کے خلاف کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم کرومیٹک کے زیراہتمام لاہور میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں لاہور کے300 سے زائد سرکاری اور پرائیویٹ سکولز کے پرنسپلز اور ٹیچرز شریک ہوئے۔ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی، ممبر پنجاب اسمبلی اور ٹوبیکو کنٹرول ایمبیسیڈر فار پاکستان آمنہ حسن شیخ نے کہا کہ پاکستان میں روزانہ بارہ سو سے زائد بچوں کا تمباکو نوشی شروع کرناتشویشناک ہے۔ سکول کے بچوں کو تمباکو نوشی سے محفوظ بنانا انتہائی ضروری ہے اور اس حوالے سے پنجاب حکومت تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ آمنہ حسن شیخ نے کہا کہ سکول کے بچوں کو تمباکو نوشی سے بچانے کے لئے مستقل بنیادوں پر پنجاب بھر کے سکولز میں آگاہی مہم چلائی جائے گی اور اس سلسلے میں سکولز میں آگاہی پوسٹرز آویزاں کرنے کے ساتھ دیگر آگاہی طریقہ کار بھی اپنائے جائیں گے۔ آمنہ حسن شیخ نے کہا کہ بچوں کو تمباکو نوشی کی لعنت سے محفوظ بنا کر ہی صحت مند معاشرہ تشکیل دیا جاسکتا ہے۔
اس موقع پر کرومیٹک کے سی ای او شارق خان نے تمباکو نوشی کے خلاف سنجیدہ اقدامات اٹھانے کے عزم کا اظہار کرنے پر آمنہ حسن شیخ سمیت دیگر ممبران پنجاب اسمبلی اور صوبائی وزارت تعلیم کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں شریک ممبران اسمبلی اور دیگر شرکاء نے تمباکو نوشی کے خلاف موثر کردار ادا کرنے پر کرومیٹک کو سراہتے ہوئے مستقبل میں تمباکو نوشی کے ناسور کے خاتمے کے لئے کرومیٹک کے ساتھ مشترکہ کوششیں کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
Source link
dailypakistan.com.pk