blank

بڑی عمر کے لوگ صبح جلدی کیوں اٹھ جاتے ہیں؟ جواب مل گیا

blank

بڑی عمر کے لوگ صبح جلدی کیوں اٹھ جاتے ہیں؟ جواب مل گیا

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) اگر آپ کے گھر میں یا آس پڑوس میں عمر رسیدہ لوگ رہتے ہیں توآپ بخوبی آگاہ ہوں گے کہ بڑی عمر کے لوگ صبح جلدی بیدار ہو جاتے ہیں۔ تاہم کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ بڑھاپے میں لوگ جلدی کیوں جاگنے لگتے ہیں؟ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بڑھاپے میں لوگوں کو سونے میں مشکل درپیش آتی ہے۔ آدھی رات کو وہ پیشاب کرنے یا کسی دیرینہ بیماری یا چوٹ کی تکلیف کے سبب بیدار ہوتے ہیں اور پھر انہیں نیند نہیں آتی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ عمر رسیدگی کا فطری طریقہ کار ہماری نیند پر اثرانداز ہوتا ہے اور نیند کو کم کردیتا ہے۔ اس کی ایک وجہ یہ ہوتی ہے کہ عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ ہمارا ذہن ردعمل ظاہر کرنے میں سست روی کا شکار ہوتا چلا جاتا ہے۔ ہمارا ذہن سورج غروب ہونے اور روشنی ختم ہونے وغیرہ پر جو ردعمل ظاہر کرتا ہے اس کے نتیجے میں ہمیں نیند آتی ہے۔ جب اس پر ذہن ردعمل کم ظاہر کرنا شروع کر دیتا ہے تو نتیجتاً نیند بھی کم آتی ہے۔

اس کے علاوہ عمر رسیدگی میں وقت کا احساس بھی کم ہو جاتا ہے، ایک یہ وجہ بھی ہے کہ عمر رسیدہ لوگ نوجوان لوگوں کی نسبت جلدی بیدار ہو جاتے ہیں۔عمر رسیدگی کے ساتھ ہماری بینائی بھی کمزور ہوتی ہے، جس کی وجہ سے ہماری روشنی کو محسوس کرنے کی صلاحیت بھی کم ہوتی جاتی ہے اور یہ عمل بھی نیند پر اثرانداز ہوتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جن عمر رسیدہ افراد کو یہ مسئلہ درپیش ہو وہ شام کے وقت سورج غروب ہونے سے آدھ گھنٹے سے ایک گھنٹہ پہلے سورج کی روشنی میں بیٹھیں۔ اس وقت واک پر چلے جانا بہترین آپشن ہے۔ اس کے علاوہ تیز روشنی میں کتاب پڑھنا، ٹی وی دیکھنا وغیرہ بھی بہترین ہے۔ یہ تیز روشنی عمر رسیدہ افراد کے دماغ کو بتائے گی کہ سورج ابھی غروب نہیں ہوا۔ اس طرح ان کے جسم میں میلاٹونین پیدا ہو گا اور ان میں نیند کا معیار کچھ بہتر ہو جائے گا۔



Source link
dailypakistan.com.pk

اپنا تبصرہ بھیجیں