blank

بھارتی سپریم کورٹ کے حکم پر راہول گاندھی کی پارلیمانی رکنیت بحال

بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے گزشتہ ہفتے نااہلی کے احکامات معطل کیے جانے کے بعد اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کو بحال کردیا گیا۔

واضح رہے کہ راہول گاندھی کو وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف ہتکِ عزت کے بیانات دینے پر نااہلی کا سامنا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق لوک سبھا کے جنرل سیکریٹری اُتپل کمار سنگھ نے اپنے بیان میں کہا کہ عدالتی فیصلوں کے تحت راہول گاندھی کی نااہلی کو ختم کردیا گیا ہے۔

53 سالہ کانگریس رہنما کو مارچ میں ایک ایسے مقدمے میں 2 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی جسے ناقدین نے نام نہاد دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت میں اپوزیشن کو دبانے کی کوشش قرار دیا تھا۔

یہ معاملہ 2019ء کی انتخابی مہم میں اس وقت شروع ہوا جب راہول گاندھی نے کہا تھا کہ ’تمام چوروں کا نام مودی کیسے ہے؟ نیروو مودی، للت مودی، نریندر مودی‘۔

ان کے اس بیان کو بھارتی وزیراعظم کے خلاف اور اس کنیت کے دیگر لوگوں کی توہین کے طور پر پیش کیا گیا تھا، جو بھارت میں ذات پات کی درجہ بندی کے نچلے حصوں سے وابستہ ہیں۔

بھارتی قانون کے مطابق جس قانون ساز کو 2 یا اس سے زائد سالوں کی سزا ہوتی ہے وہ بھارتی پارلیمنٹ میں بیٹھنے کے لیے نااہل ہوجاتا ہے، اسی قانون کے تحت راہول گاندھی کو نااہلی کا سامنا کرنا پڑا۔

اگرچہ راہول گاندھی کو ایوان سے تو بے دخل کردیا گیا لیکن وہ اس فیصلے کے خلاف نئی دہلی کی سپریم کورٹ میں اپیل کرتے ہوئے جیل سے باہر رہے۔

کانگریس کے سربراہ ملکارجن کھرگے نے اسے ’خوش آئند قدم‘ قرار دیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ’اپوزیشن لیڈروں کو نشانہ بنا کر جمہوریت کو بدنام کرنے کے بجائے حکمرانی پر توجہ مرکوز کرے‘۔

کانگریس پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے گاندھی کی بحالی کے اعلان کا خیرمقدم کیا اور اسے بڑا ریلیف قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ’وہ اب لوک سبھا میں اپنی ذمہ داریاں دوبارہ انجام دے سکتے ہیں تاکہ وہ بھارتی عوام اور اپنے حلقوں کی خدمت کریں، یہ انصاف اور ہماری جمہوریت کی جیت ہے‘۔

خیال رہے کہ بھارت کی عدالتِ عظمیٰ نے جمعہ کے روز گاندھی کی ہتک عزت کی سزا کو معطل کردیا تھا اور کہا کہ ابتدائی ٹرائل 4 سال قبل انتخابی ریلی کے دوران دیے گئے بیانات پر انہیں زیادہ سے زیادہ قید کی سزا (دو سال) دینے کا جواز پیش کرنے میں ناکام رہا۔

 


Source link
www.suchtv.pk

اپنا تبصرہ بھیجیں